کیون او برائن نے اپنی ہی گاڑی کی کھڑکی چھکے سے توڑڈالی

آئرش آل راؤنڈر نے صرف 37 گیندوں پر 82 رنز میں 8 چھکے مارے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 28 اگست 2020 17:29

کیون او برائن نے اپنی ہی گاڑی کی کھڑکی چھکے سے توڑڈالی
ڈبلن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔28اگست 2020ء ) آئرلینڈ کے جارح مزاج بلے باز کیون اوبرائن نے جمعرات کو ڈومیسٹک ٹونٹی ٹونٹی میچ کے دوران اپنی ہی گاڑی کی کھڑکی چھکا مار کرتوڑ دی۔ او برائن نے پیمبروک کرکٹ کلب ،ڈبلن میں لینسٹر لائٹنگ کے لئے کھیلتے ہوئے نارتھ ویسٹ واریئرز کے خلاف صرف 37 گیندوں پر 82 رنز سکورکیے جس میں 8 چھکے بھی شامل تھے تاہم ان میں ایک چھکے سے کار پارکنگ میں کھڑی ان کی اپنی گاڑی کا پچھلا شیشہ ٹوٹ گیا۔

کرکٹ آئرلینڈ نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر اوبرائن کی گاڑی کو ہونے والے نقصان کو اجاگر کیا ۔
لینسٹر نے 12 اوورز میں 4 وکٹ پر 124 رنز بنائے اور دورے پر آنے والے واریئرز کی ٹیم کو انتہائی مشکل ہدف دیا ، واریئرز نے جواب میں ابتدائی وکٹیں گنوا دیں اور ولیم پورٹ فیلڈ کے 30 گیندوں پر 50 رنز کے علاوہ کوئی اور کھلاڑی قابل ذکر کارکردگی نہ دکھا سکا اور لینسٹر نے یہ مقابلہ ڈک ورتھ لوئیس میتھڈ کے تحت 24 رنز سے جیتا۔

(جاری ہے)

36 سالہ کیون اوبرائن ورلڈ کپ 2011ء میں انگلینڈ کے خلاف صرف 50 گیندوں پر ورلڈ کپ کی تاریخ کی تیز ترین سنچری سکورکرکے پہلے ہی کرکٹ کی تاریخ میں اپنا مقام محفوظ کرچکے ہیں۔ گزشتہ ماہ روز بائول میں جب آئرلینڈ نے انگلینڈ کے خلاف تیسرے ون ڈے میں 329 رنز کا ہدف حاصل کیا تو کیون اوبرائن تب بھی کریز پر موجود تھے۔
وقت اشاعت : 28/08/2020 - 17:29:39

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :