دوسرے ٹی ٹونٹی میں پاکستان کی شکست کے بعد شاہد آفریدی نے ’’تبدیلی‘‘ کا مطالبہ کردیا

وہاب ریاض کو ٹی 20 میچزکا تجربہ ہے انہیں تیسرے میچ میں ضرور کھیلانا چاہئے:سابق کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 31 اگست 2020 11:46

دوسرے ٹی ٹونٹی میں پاکستان کی شکست کے بعد شاہد آفریدی نے ’’تبدیلی‘‘ کا مطالبہ کردیا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 31 اگست 2020ء ) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے انگلینڈ کے خلاف تیسرے ٹی ٹونٹی میں وہاب ریاض کو ٹیم میں شامل کرنے کا مطالبہ کر دیا۔ مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر انہوں نے کہا کہ ’’وہاب ریاض کو ٹی ٹونٹی میچزکا تجربہ ہے انہیں تیسرے میچ میں ضرور کھیلانا چاہئے۔ان کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم کی شکست پربہت دکھ ہوا، سکور اچھا ہونے کے باوجود باولنگ سائیڈ ہدف بچانے میں ناکام رہی‘‘۔

خیال رہے کہ انگلینڈ نے پاکستان کو ٹی ٹونٹی سیریز کے دوسرے میچ میں پانچ وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔انگلینڈ نے پاکستان کی جانب سے دیا گیا 196 رنز کا ہدف پانچ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا گیا۔یاد رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان دوسرے ٹی ٹونٹی میں انگلینڈ نے 196 رنز کا ہدف حاصل کرتے ہوئے پاکستان کو 5 وکٹ سے شکست دے دی۔

(جاری ہے)

انگلینڈ کے شہر مانچسٹر میں میچ شروع ہوا تو انگلینڈ نے پاکستان کیخلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ قومی ٹیم کی جانب سے کپتان بابر اعظم اور فخر زمان نے اننگز کا آغاز کیا۔ پاکستان کی پہلی وکٹ 72 رنز پر گری جس میں فخر زمان 36 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ دوسری وکٹ 112 رنز پر گری اور کپتان بابر اعظم 56 رنز پر بلنگز کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ دیگر کھلاڑیوں میں شعیب ملک 14 اور محمد حفیظ 69 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔

پاکستان نے تمام اوورز کھیلتے ہوئے 195 رنز سکور کیے اور مخالف ٹیم کو فتح کے لیے 196 رنز کا ہدف دے دیا۔ جواب میں انگلینڈ نے بیٹنگ شروع کی پانچ اوورز میں 58 رنز بنالیے۔ اوپنرز بینٹن اور جونی بیئرسٹو نے اننگ کھیلی۔ بیئرسٹو نے 24 گیندوں پر 44 رنز سکور کیے جن میں دو چھکے اور چار چوکے بھی شامل ہیں۔ ٹیم کے 66 رنز کے سکور پر وہ شاداب خان کی گیند پر عماد وسیم کو کیچ دے بیٹھے۔

شاداب خان نے اگلی گیند پر بینٹن کو بھی آؤٹ کردیا انہوں نے 20 رنز سکور کیے۔ ان کے بعد آنیوالے دونوں کھلاڑی ڈیوڈ مالان اور این مورگن کریز پر جم گئے اور دھواں دھار بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کا سکور 66 سے 178 تک لے گئے۔ این مورگن نے 4 چھکے اور 6 چوکے لگاتے ہوئے 33 گیندوں پر 66 رنز سکور کیے وہ حارث کی بال پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ انگلش کھلاڑی ڈیوڈ میلن نے 36 گیندوں پر 54 رنز بنائے اور ناقابل شکست رہے۔

معین علی نے ایک اور بلنگز نے 10 رنز سکور کیے۔ انگلش ٹیم نے پاکستان کے 195 رنز کے جواب میں 19.1 اوور میں ہدف حاصل کرلیا اور 199 رنز سکور کیے جبکہ اس کے 5 کھلاڑی آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کی بالنگ سائیڈ میں شاداب خان نے 3 اور حارث رؤف نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ واضح رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کھیلی جارہی ہے، پہلا ٹی ٹونٹی بارش کی نذر ہوگیا تھا جس میں انگلینڈ نے پاکستان کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 6 وکٹوں کے نقصان پر 131 رنز بنائے تھے تاہم بارش کے باعث کھیل روک دیا گیا تھا۔
وقت اشاعت : 31/08/2020 - 11:46:43

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :