پاکستان کرکٹ میں شفیق ’پاپا‘ کے بعد شعیب ’بابا‘ کا تذکرہ ہونے لگا

سابق کپتان نے جب اپنا پہلا انٹرنیشنل میچ کھیلا تو اس وقت شاہین آفریدی، نسیم شاہ اور حیدر علی پیدا بھی نہیں ہوئے تھے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 31 اگست 2020 15:01

پاکستان کرکٹ میں شفیق ’پاپا‘ کے بعد شعیب ’بابا‘ کا تذکرہ ہونے لگا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 31 اگست 2020ء ) پاکستان کرکٹ میں شفیق پاپا کے بعد اب شعیب ملک “بابا ” کا بھی تذکرہ ہونے لگا۔ اس وقت قومی ٹی ٹونٹی ٹیم میں شامل تین ساتھی کرکٹر پیدا بھی نہیں ہوئے تھے جب سے سابق کپتان قومی ٹیم کا حصہ ہیں، ہیڈکوچ مصباح الحق سے سینئر اور 21 سال سے پاکستان کی نمائندگی کرنے والے 38 سالہ شعیب ملک سوشل میڈیا پر موضوع بحث بن گئے، ان کے کیریئر کو سامنے رکھتے ہوئے موجودہ ٹیم کے کھلاڑیوں کا ان سے موازنہ کیا جارہا ہے۔

شعیب ملک نے جب پاکستان کے لیے اپنا پہلا میچ کھیلا تو اس وقت موجودہ پاکستانی ٹیم کے اہم فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی ،نسیم شاہ اور نوجوان بلے باز حیدر علی اس وقت پیدا بھی نہیں ہوئے تھے ۔ 38 سالہ شعیب ملک نے 14 اکتوبر 1999ء کو قومی ٹیم کے لیے پہلا ون ڈے میچ کھیلا تھا، وہ اب تک 35 ٹیسٹ، 287 ون ڈے اور 114 ٹی ٹونٹی میچز کھیلنے کا اعزاز رکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

شعیب ملک نے جب کیریئر کا آغاز کیا تو لیگ سپنر شاداب خان، فاسٹ بولر محمد حسنین صرف ایک سال کے تھے، ٹی ٹونٹی ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور خوشدل شاہ کی عمر ابھی صرف 4،4 سال تھی، فاسٹ بولر حارث روف 5، محمد عامر اور محمد رضوان 7،7 سال کے تھے۔ افتخار احمد اور فخر زمان کی عمر 9،9 سال تھی،عماد وسیم 10 سال ، سرفراز احمد 12 سال ، وہا ب ریاض 14 سال اور محمد حفیظ 19 سال کے تھے۔

قومی ٹیم کے ہیڈکوچ مصباح الحق بھی شعیب ملک کے دوسال بعد 2001ء میں پاکستان ٹیم کا حصہ بنے۔ پروفیسر محمد حفیظ نے شعیب ملک کے 4 سال بعد اپنی انٹرنیشنل کرکٹ کا آغاز کیا تھا۔ دلچسپ بات یہ بھی ہے کہ شعیب ملک نے جس انگلش ٹیم کے خلااف اپنا پہلا میچ کھیلا تھا، اس میں سے اب کوئی بھی ٹیم کا حصہ نہیں، ان میں سے مائیکل وان، مائیکل ایتھرٹن وغیرہ تو اب عرصے سے کرکٹ پر تبصرہ کررہے ہیں جبکہ بعض کوچ بن چکے ہیں۔
وقت اشاعت : 31/08/2020 - 15:01:58

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :