پاکستان بلیئرڈ اینڈ سنوکر فیڈریشن نے رواں ماہ نیشنل بنک سنوکر ٹورنامنٹ کروانے کی تیاریاں شروع کر دیں

منگل ستمبر 12:06

پاکستان بلیئرڈ اینڈ سنوکر فیڈریشن نے رواں ماہ نیشنل بنک سنوکر ٹورنامنٹ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 ستمبر2020ء) پاکستان بلیئرڈ اینڈ سنوکر فیڈریشن نے کورونا وائرس کی وبا کے بعد رواں ماہ نیشنل بنک سنوکر ٹورنامنٹ کروانے کی تیاریاں شروع کر دیں ہیں، گذشتہ روز پاکستان سنوکر فیڈریشن کے صدر منورحسین شیخ نے سرکاری خبر رساں ادارے کو بتایا کہ دنیا میں کورونا وائرس کی وبا کے باعث کھیلوں اور کھلاڑیوں کا بہت نقصان ہوا ہے اور کھلاڑی پانچ ماہ تک تربیت نہ کر سکے، اس کمی کو پورا کرنے کے لئے کھلاڑیوں کو بھر پور محنت کرنی ہوگی کیونکہ آگے کئی انٹرنیشنل ایونٹس بھی آرہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ملک میں کھیلوں کو بحال کرنا خوش آئندہ بات ہے۔ ملک میں سنوکر کے ٹیلنٹ کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سنوکر کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اور پاکستان نے عالمی اور ایشیائی سطح کے علاوہ کئی بین الاقوامی سطح پر میڈلز حاصل کر رکھے ہیں لیکن پاکستان بلیئرڈ اینڈ سنوکر فیڈریشن محدود وسائل میں رہتے ہوئے اس ٹیلنٹ کو ابھارنے کی بھر پور کوشش کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

حکومت کی جانب سے ملنے والی سالانہ دو ملین کی گرانٹ بہت کم ہے اس سے تو ایک نیشنل چیمپئن شپ بھی منعقد کروانی مشکل ہو تی ہے۔ انٹرنیشنل ایونٹس کے منعقد ہونے کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں منورحسین شیخ نے کہا کہ رواں سال نومبر اور دسمبر میں قطر میں کھیلی جانے والی مردوں اور خواتین کی عالمی سنوکر چیمپئن شپ، ماسٹر چیمپئن شپ، آئی بی ایس ایف ٹیم اور سکس ریڈ بال چیمپئن شپ، عالمی انڈر۔18 اور عالمی انڈر۔21 چیمپئن شپ کے ملتوی ہونے کی ابھی تک کوئی اطلاع نہیں ملی ہے اور ہم ایونٹس کی تیاری میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہئے کہ کھلاڑیوں کے تربیت کیمپ لگائے تاکہ کھلاڑی تربیتی کیمپوں میں بھر پور تیاری کر سکیں۔

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

وقت اشاعت : 01/09/2020 - 12:06:18

Your Thoughts and Comments