کھیلوں کی صورتحال خطرناک ہے، 30 جنوری کے بعد آئی او سی کی جانب سے پابندی کا سامنا ہوسکتا ہے ، اقبال حسین

پیر 6 جنوری 2014 13:17

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 6جنوری 2014ء) پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل اقبال حسین نے کہاہے کہ کھیلوں کی موجودہ صورتحال انتہائی خطرناک ہے، 30 جنوری کے بعد پاکستان کو آئی او سی کی جانب سے پابندی کا سامنا ہوسکتا ہے۔ایک انٹرویو میں انہوں نے کہاکہ لینڈ آف لا کی بات کرنے والوں سے آج ہر آدمی یہ سوال پوچھتا ہے، کہ کیا لینڈ آف لا فروری 2012 میں موجود نہیں تھا، اور اگر تھا تو اکرم ساہی اور قاسم ضیاء نے پی او اے کے انتخابات میں حصہ کیوں لیا۔

فروری 2012 کے پی او اے کے انتخابات جیتنے کے بعد اکرم ساہی اور قاسم ضیاء نے جنرل عارف حسن کو مبارک باد کیوں دی تھی، پھر دو مہینے کی خاموشی کے بعد کون سی قوت ان کی پشت پر آگئی کہ انہوں نے لینڈ آف لا کا نعرہ لگا کر اس ملک میں کھیلوں کو برباد کرنے کا بیڑہ اٹھا لیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ لینڈ آف لا کا نعرہ لگانے والے خود لینڈ آف لا کا احترام کرتے ہیں تو پھر پی او اے کے آفس پر جبری قبضہ کیا معنی رکھتا ہے، اقبال حسین نے کہا کہ حکومت اس بات کا نوٹس لے کہ وہ کون لوگ ہیں جو آئی او سی کی پابندی لگوا کر ہمیں کھیلوں کی بین الاقوامی دنیا میں تنہا کرنا چاہتے ہیں اور بھارت کی صف لا کھڑا کردینا چاہتے ہیں۔

انہوں نے اکرم ساہی اور امیر حمزہ گیلانی کی پشت پر کھڑے افراد سے بھی درخواست کی کہ وہ ملکی وقار اور ملکی مفاد کے خاطر مزید دو سال آئی او سی کی منظور شدہ پی او اے کو کام کرنے کا آزادانہ موقع فراہم کریں۔انہوں نے کہاکہ یہ عارف حسن یا اکرم ساہی کی ہار جیت کا مسئلہ نہیں بلکہ ملک میں کھیلوں کی ہار کا سبب بنا ہوا ہے اور بین الاقوامی سطح پر بھی جگ ہنسائی ہورہی ہے۔ انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ وہ اس ملک میں کھیلوں کو ہارنے سے بچانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے کیونکہ کھلاڑی اور کھیل سے وابستہ افراد مایوسی کا شکار اور گوں مگوں کی حالت میں ہیں۔ ذاتی انا، پسند و ناپسند اور ذاتی مفادات کو چھوڑ کر ملک میں اسپورٹس کی بقا اور ترقی پر توجہ دی جائے۔

وقت اشاعت : 06/01/2014 - 13:17:55

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :