ملک سعد میموریل اسپورٹس ٹرسٹ کا پشاور کے دیہی علاقوں میں کرکٹ کھیل کی ترقی و فروغ کیلئے رنگ روڈ پر ملک سعد کرکٹ اکیڈمی کے قیام کا اعلان

پیر 6 جنوری 2014 17:27

پشاور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 6جنوری 2014ء) ملک سعد میموریل اسپورٹس ٹرسٹ نے پشاور کے دیہی علاقوں میں کرکٹ کھیل کی ترقی و فروغ کے لئے رنگ روڈ پر ملک سعد کرکٹ اکیڈمی کے قیام کا اعلان کیا ہے۔ یہ اعلان ٹرسٹ کے سیکرٹری امجد عزیز ملک نے ملک کرکٹ اکیڈمی کے زیر اہتمام صوبے بھر کے باصلاحیت کھلاڑیوں کے اپنی مدد آپ کے تحت منعقدہ کیمپ کے دورے کے موقع پر کیا۔

ملک کرکٹ اکیڈمی کے روح رواں ملک فرمان ، پاکستان بیڈمنٹن فیڈڑیشن کے نو منتخب سیکرٹری کفایت اللہ، کرکٹ کوچز پرویز خان اور بختیار خان اور کھلاڑیوں کی بڑی تعداد اس موقع پر موجود تھی۔امجد عزیز ملک کا کیمپ میں شریک کھلاڑیوں سے تعارف کروایا گیا اور انہیں بتایا گیا کہ صوبے بھر سے چالیس کھلاڑی اپنی مدد آپ کے تحت تربیت حاصل کر رہے ہیں اور کیمپ کے دوران انہیں ہر ممکن سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مطالبہ کیا گیا کہ دیہی علاقوں کے کم عمر کرکٹرز کے لئے رنگ روڈ پر ملک سعد ٹرسٹ کی جانب سے اکیڈمی کے قیام کا اعلان کیا جائے۔کھلاڑیوں سے خطاب میں امجد عزیز ملک نے کہا کہ ملک سعد میموریل اسپورٹس ٹرسٹ کے زیر اہتمام صوبے بھر اور قبائلی علاقوں میں اسپورٹس اکیڈمیوں کی تعداد 127ہو گئی ہے ان اکیڈمیوں کے لئے تمام سامان اور یونی فارم ٹرسٹ کی جانب سے فراہم کیا گیا ہے۔

امجد عزیز ملک نے کیمپ میں شریک کھلاڑیوں کو سہولتوں کی فراہمی پر کیمپ کے منتظمین کو خراج تحسین پیش کیا انہوں نے رنگ روڈ پر قرب و جوار کے کھلاڑیوں کے لئے نئی کرکٹ اکیڈمی کے قیام کا اعلان کیا۔ملک سعد کرکٹ اکیڈمی کے لئے تمام سامان ٹرسٹ کی جانب سے فراہم کیا جائے گا۔ کھلاڑیوں کا انتخاب اوپن ٹرائلز کے بعد کیا جائے گا جس کے لئے تاریخوں کا اعلان ملک کرکٹ اکیڈمی کی جانب سے کیا جائے گا۔امجد عزیز ملک نے پشاور میں انٹر اکیڈمی کرکٹ مقابلوں کے انعقاد کا اعلان بھی کیا۔

وقت اشاعت : 06/01/2014 - 17:27:42

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :