ڈیوڈ بیکہم اور ان کی اہلیہ وکٹوریہ پر کورونا چھپانے کا الزام

سابق برطانوی فٹبالر اور انکی اہلیہ مارچ کے آغاز میں امریکی دورے کے دوران کورونا میں مبتلا ہوئے،برطانیہ واپسی پر بیٹے کی 21 ویں سالگرہ کی پارٹی منعقد کی،میاں ،بیوی سمیت انکے ڈرائیور،سکیورٹی گارڈ اور دیگر ملازمین بھی کورونا میں مبتلا ہوگئے،علامات شدید ہونے پروکٹوریہ نےاہلخانہ اور ملازمین کو2 ہفتوں تک قرنطینہ کردیا،بعد ازاں اینٹی باڈی ٹیسٹ میں ڈیوڈ اور انکی اہلیہ میں کورونا کی تشخیص ہوئی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 8 ستمبر 2020 17:03

ڈیوڈ بیکہم اور ان کی اہلیہ وکٹوریہ پر کورونا چھپانے کا الزام
لندن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 9 ستمبر 2020ء ) سابق برطانوی فٹ بالر اور 2 فٹبال کلبس کے شریک مالک 45 سالہ ڈیوڈ بیکہم اور انکی 46 سالہ فیشن ڈیزائنر و ماڈل اہلیہ وکٹوریہ ایڈم بیکہم کے حوالے سے چہ مگوئیاں ہیں کہ وہ رواں برس مارچ میں کورونا کا شکار ہوئے تھے، تاہم انہوں نے اپنا مرض خفیہ رکھا۔ برطانوی اخبار دی سن نے اپنی خصوصی رپورٹ میں ذرائع سے دعویٰ کیا کہ ڈیوڈ بیکہم اور انکی اہلیہ وکٹوریہ بیکہم رواں برس مارچ کے آغاز میں امریکی دورے کے دوران کورونا میں مبتلا ہوئے۔

رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ دونوں امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر لاس اینجلس میں ہونیوالی ایک پرتعیش پارٹی میں ممکنہ طور پر کورونا کا شکار ہوئے۔ ذرائع سے بتایا گیا کہ مارچ میں ڈیوڈ بیکہم اور انکی اہلیہ مارچ میں اپنے سوکر بال کلب انٹر میامی کے کام کے حوالے سے امریکا گئے تھے اور اسی دوران انہوں نے لاس اینجلس میں ایک پرتعیش پارٹی میں شرکت کی، جہاں متعدد اہم شخصیات نے بھی شرکت کی تھی۔

(جاری ہے)

رپورٹ میں ذرائع سے دعویٰ کیا گیا کہ مذکورہ پارٹی میں شرکت کے بعد دونوں میاں بیوی بیمار پڑ گئے اور انہوں نے اچانک واپس برطانیہ آنیکا فیصلہ کیا۔ رپورٹ کے مطابق پارٹی میں شرکت کرنے کے بعد جہاں ڈیوڈ بیکہم اور وکٹوریہ کورونا میں مبتلا ہوگئے، وہیں اسی پارٹی میں شرکت کرنیوالے دیگر افراد بھی وبا میں مبتلا ہوگئے تھے۔ دونوں نے برطانیہ واپسی پر محسوس کیا کہ وہ دوسرے لوگوں میں کورونا پھیلانے کا اہم ذریعہ بن چکے ہیں تاہم اس باوجود انہوں نے برطانیہ واپسی پر ایک بیٹے کی 21 ویں سالگرہ کی پارٹی بھی منعقد کی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ دونوں میاں اور بیوی سمیت انکے ڈرائیور، سکیورٹی گارڈ اور دیگر ملازمین بھی کورونا میں مبتلا ہوگئے تھے، تاہم اس باوجود انہوں نے اپنی بیماری خفیہ رکھی اور کسی کو کوئی اطلاع نہیں۔ ذرائع سے بتایا گیا کہ کورونا کی علامات شدید ہونے کے بعد وکٹوریہ نے اقدامات اٹھا کر اہل خانہ اور ملازمین کو 2 ہفتوں تک قرنطینہ کردیا اور بعد ازاں اینٹی باڈی ٹیسٹ میں ڈیوڈ اور انکی اہلیہ میں کورونا کی تشخیص ہوئی۔

رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ برطانیہ میں لاک ڈاؤن کے دوران ڈیوڈ بیکہم اور وکٹوریہ نے ڈاکٹرز اور دیگر صحت کے عملے کا شکریہ بھی ادا کیا اور ان کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔ رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ کورونا میں مبتلا ہونے کی وجہ سے ڈیوڈ اور بیکہم نے دوسرے ممالک کے اپنے دورے منسوخ کردیے تھے اور حال ہی میں انہوں نے چھوٹے بیٹے کی 18ویں سالگرہ کی پارٹی منعقد کرنے سے بھی گریز کیا۔

ڈیوڈ بیکہم اور وکٹوریہ کے کورونا میں مبتلا ہونیکی خبریں سامنے آنے کے بعد برطانوی اور امریکی میڈیا میں ان کیخلاف خبریں شائع ہو رہی ہیں، تاہم تاحال جوڑے نے ایسی خبروں پر کوئی رد عمل نہیں دیا۔ خیال رہے کہ دونوں نے 1999ء میں شادی کی تھی اور جوڑے کا سب سے بڑا بچہ انکی شادی سے بھی 3 ماہ قبل پیدا ہوا تھا، انکے ہاں دوسرا بچہ 2002ء، تیسرا 2005ء اور چوتھا 2011ء میں پیدا ہوا تھا۔

ڈیوڈ بیکہم اور وکٹوریہ کو نہ صرف برطانیہ بلکہ مغربی دنیا کا سب سے رومانوی جوڑا بھی قرار دیا جاتا رہا، دونوں کی محبت اور تعلقات کی چہ مگوئیاں دنیا بھر میں ہوتی رہتی ہیں۔ گزشتہ چند سال سے وقفے وقفے سے انکے درمیان اختلافات کی خبریں بھی سامنے آتی رہی ہیں،تاہم ایسی خبروں کے باوجود دونوں کو ایک ساتھ دیکھا جاتا رہا ہے۔
وقت اشاعت : 08/09/2020 - 17:03:22

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :