جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم پر پابندی عائد کردیے جانے کا امکان

جنوبی افریقہ کی حکومت نے ملکی کرکٹ بورڈ (کرکٹ ساؤتھ افریقہ) کو معطل کردیا

جمعہ 11 ستمبر 2020 00:12

جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم پر پابندی عائد کردیے جانے کا امکان
کیپ ٹاؤن (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 10 ستمبر 2020ء) جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم پر پابندی عائد کردیے جانے کا امکان ہے۔ تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ کی حکومت نے ملکی کرکٹ بورڈ کو معطل کرکے کرکٹ معاملات پر کنٹرول حاصل کرلیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ جنوبی افریقہ کی حکومت کے اس اقدام کی وجہ سے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے قوانین کی خلاف ورزی ہوئی ہے جس کی وجہ سے آئی سی سی جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم پر بین الاقوامی سطح پر پابندی بھی عائد کرسکتا ہے۔

جنوبی افریقہ کے اسپورٹس کنفیڈریشن اور اولمپک کمیٹی (ایس اے ایس سی او سی) کی جانب سے کرکٹ ساؤتھ افریقا (سی ایس اے) کو خط لکھا گیا ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ سی ایس اے بورڈ اور وہ سینئر ایگزیکٹو جو بورڈ میں ​​فرائض سر انجام دیتے رہے ہیں جن میں کمپنی سکریٹری، قائم مقام سی ای او، سی ایف او اور سی او او شامل ہیں، کو بورڈ کی انتظامیہ سے علیحدہ کردیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

جنوبی افریقہ کی حکومت کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ گزشتہ سال دسمبر 2019 میں کرکٹ بورڈ کے کچھ افسران کی جانب سے کرپشن کی گئی، جس پر تحقیقاتی ٹیم کی رپورٹ کے منتظر ہیں، جب تک رپورٹ منظر عام پر نہیں آتی، تب تک جنوبی افریقہ کے کرکٹ بورڈ کو معطل رکھا جائے گا۔ کرکٹ ماہرین کی جانب سے جنوبی افریقہ کی حکومت کے اس اقدام کو غیر قانونی کہا جارہا ہے اور خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ حکومت کے اس اقدام کے بعد جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم پر آئی سی سی کی جانب سے پابندی بھی لگائی جاسکتی ہے۔ تاہم اب تک آئی سی سی اور جنوبی افریقی کرکٹ بورڈ کی جانب سے کوئی ردعمل نہیں دیا گیا ہے۔                                                                
وقت اشاعت : 11/09/2020 - 00:12:12

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :