دورہ انگلینڈ ، پاکستان کو کم از کم سیریز برابر کرنا چاہیے تھی:عمرگل

شاہین آفریدی اور نسیم شاہ باصلاحیت ہیں مگر ابھی ان سے میچز جتوانے کی توقع نہیں کر سکتے: ٹیسٹ فاسٹ بائولر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 12 ستمبر 2020 12:48

دورہ انگلینڈ ، پاکستان کو کم از کم سیریز برابر کرنا چاہیے تھی:عمرگل
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 12 ستمبر 2020ء ) فاسٹ بولر عمر گل نے کہا کہ دورئہ انگلینڈ میں پاکستان کو کھلاڑیوں کا ایک بڑا گروپ دستیاب تھا، تیاری اور کنڈیشنز سے ہم آہنگی کے لیے اچھا وقت بھی ملا لیکن نتائج توقع کے مطابق نہیں رہے،ہم ٹیسٹ سیریز جیت نہیں تو کم ازکم برابر کر سکتے تھے، مڈل آرڈر نے توقعات کے مطابق پرفارم نہیں کیا، بولنگ میں بھی تجربے کی کمی نظر آئی۔

ایک انٹرویو میں 36 سالہ عمر گل کا کہنا تھا کہ محمد عباس نے نئی گیند سے اچھے سپیل کیے، کئی مواقع پر قسمت نے ان کا ساتھ نہیں دیا، بہرحال پیسر پہلے 130 سے زیادہ کی رفتار سے بولنگ کرتے تھے اب اس میں کمی آچکی، آج کل پچز بدل چکی ہیں، پیس کی بھی ضرورت پڑتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ شاہین آفریدی اور نسیم شاہ باصلاحیت ہیں مگر ابھی ان سے میچز جتوانے کی توقع نہیں کر سکتے، تجربہ حاصل کرنے کے لیے انھیں وقت دینا ہوگا، نسیم شاہ کو بھی خود کو لمبے اسپل کرانے کے لیے تیار کرنا چاہیے، فاسٹ بولر کا ایک دن میں 15 سے 20 اوورز کرانا ضروری ہے۔

(جاری ہے)

فاسٹ بولر نے کہا کہ ٹیم مینجمنٹ نے سہیل خان کو ٹیسٹ میچز نہ کھلا کر غلطی کی، پیسر پریکٹس میچز میں اچھا پرفارم کر رہے تھے، کم بیک کی وجہ سے وکٹیں حاصل کرنے کی بھوک ان کے لیے مزید تحریک کا باعث بنتی،ماضی کی کارکردگی کی بنیاد پر محمد عباس کو موقع دیا گیا لیکن ٹیمیں کھلاڑیوں کی موجودہ فارم سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کرتی ہیں، دورہ انگلینڈ میں قومی کرکٹ ٹیم کے مسائل پرکرکٹ کمیٹی کے اجلاس میں بھی بات کی جائے گی۔
وقت اشاعت : 12/09/2020 - 12:48:11

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :