کرسٹیانو رونالڈو مسلم فٹبالر علی داعی کے عالمی ریکارڈ سے محض چند قدم دور

ایرانی فٹبالر نے کیریئر میں 109 گول کیے، رونالڈو کو ریکارڈ توڑنے کیلئے 9 گولز درکار

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 12 ستمبر 2020 17:11

کرسٹیانو رونالڈو مسلم فٹبالر علی داعی کے عالمی ریکارڈ سے محض چند قدم دور
لزبن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 12 ستمبر 2020ء ) پرتگال کے سٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے انٹر نیشنل کیریئر میں 100 گول مکمل کر لیے ، کرسٹیانو رونالڈو نے یوئیفا نیشنز فٹبال لیگ میں سویڈن کیخلاف دو گول سکور کر کے یہ کارنامہ سرانجام دیا اس کیساتھ ہی وہ یہ سنگ میل عبور کرنیوالے دوسرے کھلاڑی بن گئے۔ انٹرنیشنل میچز میں فٹبال کی تاریخ رقم کرنیوالے کوئی اور نہیں بلکہ ایک مسلم فٹبالرعلی داعی ہیں،وہ فٹبال کی تاریخ کے پہلےٹاپ سکورر ہیں جنہوں نے 149 انٹرنیشنل میچز میں 109 گول داغ کر عالمی ریکارڈ قائم کیا۔

علی داعی 21 مارچ 1969ء کو ایران کے شہر اردابیل میں پیدا ہوئے، انہوں نے 1993ء سے لیکر 2006ء تک ایرانی ٹیم کی نمائندگی کی اور فرینڈلی، انٹرنیشنل میچز میں 27، اے ایف سی ایشین کپ کوالیفائر میں 23، اے ایف سی ایشن کپ فائنلز میں 14، ایشین گیمزمیں 9 اور فیفا ورلڈ کپ کوالیفائر میں 38 گول داغے۔

(جاری ہے)

انہوں نے31 مارچ 2004ء کو فیفا ورلڈ کپ کوالیفائر 2006ء میں ٹیم کو لاؤس کیخلاف ایران کو کامیابی دلانے میں اہم کردار ادا کیا اور دو بار گیند کو جال کی راہ دکھا کرکے گولز کی سنچری مکمل کرنیوالے پہلے کھلاڑی بن گئے۔

سابق ایرانی فٹبالر نے 1987ء میں 19 سال کی عمر میں فٹبال کیرئیر کا آغاز کیا، 1993ء میں تہران میں ہونیوالے ایکو (اکنامک کارپوریشن آرگنائزیشن) کپ کیلئے علی دائی کو ایرانی ٹیم میں شامل کیا گیا اورانہوں نے پاکستان کیخلاف میچ سے انٹرنیشنل ڈیبیو کیا۔ وہ 1994ء فیفا ورلڈ کپ کوالیفائر رز کے ٹاپ سکورر رہے اور 5 میچز میں 4 بار گیند کو جال کی راہ دکھائی۔

انہوں نے 1996ء اے ایف سی ایشین کپ کے کوارٹر فائنل میں جنوبی کوریا کیخلاف 4 گول داغ کر ایران کو 2 کے مقابلے میں 6 گولز سے کامیابی دلائی، سیمی فائنل میں ایران کا مقابلہ سعودی عرب سے تھا ۔دونوں کے درمیان مقررہ وقت تک میچ برابر تھا تاہم میچ کا فیصلہ پینالٹی شوٹ آؤٹ پر ہوا جس پر ایران کو 3-4 سے شکست ہوئی لیکن وہ 8 گولز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہےاور ایشین فٹبالر آف دی ائیر قرار پائے۔

انہوں نے 1996ء میں 18 انٹرنیشنل میچز میں 22 گول کئے۔ 2000ء علی داعی کیلئے ایک اور بہترین سال ثابت ہوا اورنے 19 میچز میں 20 گول کرنیکا کارنامہ انجام دیا، انہوں نے 28 نومبر 2003ء ایشین کپ کوالیفائرمیں لبنان کیخلاف میچ میں اپنے کیرئیرکا 100 واں میچ کھیلتے ہوئے ہنگری کے فرینک پکاس کار یکارڈ توڑڈالا۔ علی داعی نے اپنے کیرئیر کا 85 گول کرنیکا اعزاز حاصل کیا جبکہ پکاس نے 47برس قبل سب سے زیادہ 84 گول کئے تھے۔

انہوں نے 2004ء ورلڈ کپ کوالیفائر میں ایران کو لاؤس کیخلاف 0-7 سے فتح دلائی اور انٹر نیشنل کیریئر میں 100 گول مکمل کر کے تاریخ رقم کی ۔ جب انہیں 2006ء فیفا ورلڈ کپ کیلئے ایرانی ٹیم میں شامل کیا گیاتو ایرانی میڈیا نے انکے زائد عمر کی وجہ سے ریٹائرمنٹ کا مطالبہ کیا لیکن انہوں نے میڈیا کے مطالبات کو رد کیا اور شدید تنقید کے باوجود 2006ء فیفا ورلڈ کپ میں شرکت کی۔

علی داعی کو انکے پلئینگ کیریئر میں ہی2001یونیسف گڈ ول ایمبسڈر مقرر کیا گیا اور 2007ء تا 2013ء تک فیفا فٹبال کمیٹی کےرکن رہے، انکی لیگ فٹبال کیریئر میں بھی کارکردگی شاندار رہی۔ انہوں نے ایرانی پریمیئر لیگ استقلال ادرابیل، تاکسیرانی، بینک تجارت ایف سی اور پرسپولیس ایف سی کلبز کی نمائندگی کی اور 1996-97ء میں قطری فٹبال کلب،السعد کی جانب سے کھیلنا شروع کیا۔

علی داعی نے مڈل ایسٹ میں تہلکہ مچانے کے بعد اس زمانے میںیورپین کلبز میں قسمت آزمائی کی، جب مڈل ایسٹ اور ایشین پلیئر یورپین کلبز سے معاہدے کرنے سے گھبراتے تھے ،انہوں نے جرمنی کی لیگ کلب بائرن میونخ میں بھی دھوم مچائی ،1997-98ء سیزن میں جرمن بنڈس لیگا2 میں ارمینیا بیل فیلڈ کی جانب سے 25 میچز میں 7 گولز کئے۔ 1998-99ء میں بائرن میونخ سے وابستہ ہوئےاور اس سیزن میں بائرن میونخ نے 15ویں بار جرمن بندس لیگا چیمپئن بننے اعزاز حاصل کیا۔

وہ لیگ میں سب زیادہ سکورر کرنیوالوں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر تھے۔ 00-1999ء ہرتھا بی ایس سی اور 2002ء سے 2007ء تک مڈل ایسٹ کے فٹبال کلبز کی نمائندگی کرتے رہے۔ انہوں نے مئی 2007ء میں ایرانی کلب سیاپا کلب کو پرشین گلف کپ جتوانے کے بعد فٹبال سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا، اپنے 20 سالہ کیریئر میں مجموعی طور پر 287 میچز میں 112 گولز کئے۔ علی داعی نے ریٹائرمنٹ کے بعد 2008ء تا 2009ء تک ایرانی فٹبال ٹیم میں کوچنگ کے فرائض انجام دیئے ۔

وہ ایرانی لیگ کلبز سیاپا، پرسپولیس،راہ آھن، صباقم اور نفت تہران کی بھی کوچنگ کرچکے ہیں۔ 51 سالہ علی داعی 2009ء سےکھیلوں کا سامان بنانیوالی کمپنی ’’دائی سپورٹس‘‘چلارہے ہیں ۔ یہ کمپنی ایران کے پریمیر فٹ بال لیگ ٹیموں کیلئے فٹ بال کٹس مہیا کرتی ہے۔ ایرانی ہیرو نے 35 سال کی عمر میں گول کی سنچری مکمل کرنیکا اعزاز حاصل کیا تھا اورعالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈوبھی 35 برس کی عمر میں یہ کارنامہ انجام دیا ہے۔

اب رونالڈو کو علی داعی کا 109 گول کا ریکارڈ توڑنے کیلئے مزید 9 گول کی ضرورت ہے۔ رونالڈو کے نئے حریف علی داعی کا کہناہے کہ ’’ریکارڈ توڑنے کیلئے ہی بنائے جاتے ہیں۔ جب مجھےیہ موقع ملاتھا تو میں نے یہ سب کیا اب کسی اور پلیئر کی باری ہے کہ وہ نئی تاریخ رقم کرے ‘‘۔
وقت اشاعت : 12/09/2020 - 17:11:37

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :