انگلینڈ کیخلاف آخری میچ میں حیدرعلی میرے کہنے پرتیسرے نمبر پر بھیجاگیا:محمد حفیظ

میں نے خود مینجمنٹ سے درخواست کی تھی کہ حیدرعلی کونمبر3 پر بھیجا جائے تاکہ وہ کارکردگی دکھانے میں آسانی محسوس کریں: سابق ٹی ٹونٹی کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 16 ستمبر 2020 17:07

انگلینڈ کیخلاف آخری میچ میں حیدرعلی میرے کہنے پرتیسرے نمبر پر بھیجاگیا:محمد حفیظ
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 16 ستمبر 2020ء ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سینئر آل راﺅنڈر محمد حفیظ نے انکشاف کیا ہے کہ میں نے خود مینجمنٹ سے درخواست کی تھی کہ حیدر علی کو تیسرے نمبر پر بھیجا جائے تاکہ وہ کارکردگی دکھانے میں آسانی محسوس کریں۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلے گئے تیسرے اور آخری ٹی 20 میچ میں حیدر علی نے ٹی 20 انٹرنیشنل کیرئیر کا آغاز کیا اور پہلے ہی میچ میں عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 33 گیندوں پر 2 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 54 رنز بنا کر نا صرف میچ جیتنے میں اہم کردار ادا کیا بلکہ ڈیبیو میچ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے پہلے پاکستانی بننے کیساتھ ساتھ دنیائے کرکٹ کے لیجنڈز کی توجہ بھی حاصل کی۔

آل راﺅنڈر محمد حفیظ نے نجی ٹی وی کو دئیے گئے انٹرویو میں کہا کہ انگلینڈ کیخلاف ٹی 20 سیریز کے آخری میچ میں مینجمنٹ سے خود درخواست کی تھی کہ حیدر علی کو تیسرے نمبر پر بھیجا جائے تاکہ وہ پرفارم کرنے میں آسانی محسوس کرے، سینئرز کا بیٹنگ آرڈر آگے پیچھے بھی ہو جائے تو ان کیلئے اتنا مسئلہ نہیں ہو گا لیکن نوجوانوں کو اعتماد دینا چاہیے اور مجھے بہت زیادہ خوشی ہے کہ حیدر علی نے بہترین کارکردگی دکھائی۔

(جاری ہے)

محمد حفیظ نے مزید کہا کہ کسی کے کہنے پر کرکٹ کھیلی نہ چھوڑوں گا،فٹنس اور فارم برقرار ہے۔ ٹیم کی فتوحات میں اہم کردار ادا کرنے کی صلاحیت باقی رہی تو آئندہ ٹی 20 ورلڈ کپ کھیلنے کی کوشش کروں گا۔انگلینڈ سے پہلے ٹی 20 میچ کے وقت ہی مجھ پر سخت تنقید ہو رہی تھی، دعائیں کرتا ہوا میدان میں گیا، شکر ہے کہ اگلے دونوں میچز میں اچھی کارکردگی دکھانے میں کامیاب رہا۔
وقت اشاعت : 16/09/2020 - 17:07:44

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :