بھارت ،آسٹریلیا اورانگلینڈ کے میچ پر سٹہ لگانے والے گرفتار

ریاست راجستھان میں جے پور پولیس کمشنر نے کروڑوں روپے کا سٹہ لگانیوالے9ملزمان کو حراست میں لے لیا،37 لاکھ 50 ہزار روپے کی رقم برآمد،ملزمان کے پاس سے7کروڑ روپے کا حساب بھی ملا، 3موٹرسائیکل،4سکوٹی اور ایک کار بھی ضبط کی گئی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ ستمبر 17:52

بھارت ،آسٹریلیا اورانگلینڈ کے میچ پر سٹہ لگانے والے گرفتار
نئی دہلی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 16 ستمبر 2020ء ) بھارت میں آسٹریلیا اور انگلینڈ کے میچ پر کروڑوں روپے کا سٹہ لگانے والے 9 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ریاست راجستھان میں جے پور پولیس کمشنر نے انگلینڈ اور آسٹریلیا کے ون ڈے میچ پر کروڑوں روپے کا سٹہ لگانے والے ملزمان کو حراست میں لے لیا، ملزمان کے قبضے سے 37 لاکھ 50 ہزار روپے کی رقم برآمد کرلی گئی۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے پاس سے 7 کروڑ روپے کا حساب بھی ملا ہے، کارروائی میں تین موٹرسائیکل، چار سکوٹی اور ایک کار بھی ضبط کرلی گئی۔ ایڈیشنل کمشنر کے مطابق آن لائن کرکٹ پر سٹہ لگانے پر دو لیپ ٹاپ، 13 موبائل فون، 3 ایل ای ڈی، ایک ہارڈ ڈسک، چارجر، وائی فائی سمیت دیگر سامان بھی برآمد کرلیا گیا۔

(جاری ہے)

پولیس کا کہنا ہے کہ گجرات کے باپ بیٹے کی جانب سے یہ پورا نیٹ ورک چلایا جارہا تھا، راجستھان پولیس تحقیقات کررہی ہے جن لوگوں کے نام سامنے آرہے ہیں انہیں گرفتار کیا جائے گا۔

پولیس کمشنر کا کہنا تھا کہ جے پور میں کئی برسوں میں سٹے کے خلاف اب تک کی یہ سب سے بڑی کارروائی ہے، آنے والے دنوں میں انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) شروع ہونے والی ہے جس کے باعث پولیس نے سٹے بازوں کے گرد گھیرا تنگ کرنا شروع کردیا ہے۔                                                                                                 

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

وقت اشاعت : 16/09/2020 - 17:52:49

Your Thoughts and Comments