بین الاقوامی شہرت یافتہ باکسر عامر خان نے دُبئی کو مستقل ٹھکانہ بنانے کا اعلان کر دیا

پاکستانی نژاد باکسر نے دُبئی میں ہونے والی ایک تقریب میں اعلان کیا کہ وہ متحدہ عرب امارات میں باکسنگ کے فروغ کے لیے یہیں رہائش اختیار کریں گے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 17 ستمبر 2020 11:28

بین الاقوامی شہرت یافتہ باکسر عامر خان نے دُبئی کو مستقل ٹھکانہ بنانے کا اعلان کر دیا
دُبئی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔17 ستمبر2020ء) بین الاقوامی شہرت کے حامل پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے اپنے مداحوں کو شاندار خبر سُنا تے ہوئے کہا کہ وہ برطانیہ کو چھوڑ کر اب مستقل طور پر دُبئی منتقل ہو رہے ہیں۔ سابق ورلڈ باکسنگ چیمپئن اوراولمپک سلور میڈلسٹ عامر خان نے بتایا کہ وہ متحدہ عرب امارات میں بھی باکسنگ کو عروج دینا چاہتے ہیں، اس مقصد کے لیے وہ برطانیہ سے مستقل طور پر دُبئی منتقل ہو رہے ہیں۔

دُبئی میں منتقل ہونے کا اعلان انہوں نے سٹی واک میں کوکا کولا ایرینا میں او جے لائف سٹائل کے ماڈل 'X' لانچ کیے جانے کی تقریب کے دوران کیا۔ جس پر وہاں موجود حاضرین نے بہت خوشی کا اظہار کیا۔ عامر خان جو کہ عنقریب باکسنگ سے آفیشل ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنے والے ہیں،وہ اب دُبئی میں باکسنگ اکیڈمی کھول رہے ہیں۔

(جاری ہے)

عامر خان دُبئی میں لمبے عرصے سے مقیم اپنے برطانوی بزنس مین دوست عمر جیکسن جو کہ او جے لائف اسٹائل کے 'X' کے بانی بھی ہیں ، ان کے سپورٹس سے متعلقہ بزنس میں پارٹنر شپ بھی کریں گے۔

عامر خان نے تقریب کے دوران کہا کہ میں نے دُبئی میں مستقل قیام کے ارادے کو خفیہ رکھنے کا ارادہ کیا تھا، مگر میرا خیال ہے کہ یہ بتا دینا ہی مناسب ہے۔ میں دُبئی سے بولٹن (برطانیہ) آتا جاتا رہا ہوں، مگر میرا مستقل ٹھکانہ اب دُبئی ہی ہو گا۔ میں دُبئی میں باکسنگ کے فروغ کے لیے بہت کچھ کرنا چاہتا ہوں۔ اس سلسلے میں میری دُبئی سپورٹس کونسل اور عمر جیکسن کے ساتھ بات چیت ہوئی ہے تاکہ ہم یہاں باکسنگ کی سرگرمیوں کو فروغ دے سکیں۔

شایدوہ وقت بھی آئے جب کوکا کولا ارینا میں باکسنگ کے مقابلے منعقد ہوں۔ دُبئی میں منتقل ہونا یقینا ایک چیلنج ہے، تاہم اس سے مجھے دُبئی میں باکسنگ کے کھیل کو پروان چڑھانے کے مواقع بھی میسر آئیں گے۔ جیکسن اور عامر کان کی جانب سے OJ Lifestyel کے پلیٹ فارم سے ایک جم بھی لانچ کیا جا رہا ہے جس کا نام 'THE BOX' رکھا گیا ہے۔ یہ جم اس سال کے اختتام پر کھول دیا جائے گا۔ 
وقت اشاعت : 17/09/2020 - 11:28:51

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :