ایک اور فرسٹ کلاس کرکٹ ٹورنامنٹ کرانے کی تجویز

وزیراعظم سے ملاقات میں تجویز سامنے آئی کہ کرکٹ بورڈ اس سیزن میں ایسا فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ شروع کرے جو شہروں کی بنیاد پر ہو تاکہ جو کرکٹرز صوبائی ایسوسی ایشنوں کی ٹیموں میں شامل ہونے سے رہ گئے ہیں وہ اس میں حصہ لے سکیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 17 ستمبر 2020 17:56

ایک اور فرسٹ کلاس کرکٹ ٹورنامنٹ کرانے کی تجویز
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 17 ستمبر 2020ء )  وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات میں یہ تجویز بھی سامنے آئی کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اس سیزن میں ایک ایسا فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ شروع کرے جو شہروں کی بنیاد پر ہو تاکہ جو کرکٹرز صوبائی ایسوسی ایشنوں کی ٹیموں میں شامل ہونے سے رہ گئے ہیں وہ اس میں حصہ لے سکیں۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے ڈیپارٹمنٹل کرکٹ کی بحالی کی تجویز مسترد کردی تھی۔

اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان سے پی سی بی کے چیئرمین احسان مانی، چیف ایگزیکٹو وسیم خان، کرکٹ کمیٹی کے رکن وسیم اکرم، ہیڈ کوچ و چیف سلیکٹر مصباح الحق، قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی نے ملاقات کی۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم سے کھلاڑیوں کی ملاقات میں ڈومیسٹک کرکٹ کے ڈھانچے سے متعلق مشاورت کی گئی، سابق کرکٹرز نے موقف اپنایا کہ ڈیپارٹمنٹل کرکٹ کے خاتمے سے مقامی کھلاڑی بے روزگار ہوئے تاہم وزیراعظم نے ڈیپارٹمنٹل کرکٹ کی بحالی کی تجویز مسترد کردی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ریجنل کرکٹ سب سے بہترین ڈومیسٹک سٹرکچر ہے، پرانا ڈومیسٹک اسٹرکچر ختم ہونے سے پیدا ہونیوالی مشکلات کا اندازہ ہے، اگر کرکٹ ٹھیک کرنی ہے تو ڈومیسٹک ریجن کرکٹ واحد حل ہے، جب نظام بدلتا ہے تو یکدم نتائج نہیں آتے، نئے ڈومیسٹک ڈھانچے سے حقیقی ٹیلنٹ اوپر آئے گا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اتنا ٹیلنٹ دنیا کے کسی ملک میں نہیں دیکھا، کلب کرکٹ سے براہ راست کھلاڑی قومی ٹیم میں شامل ہوتے ہیں، اس ٹیلنٹ کو اوپر لانے کے لیے ایک بہتر سسٹم کی ضرورت ہے، جتنی مقابلے کی فضا ہوگی، اتنے ہی بہترین کرکٹرز سامنے آئیں گے جب کہ ایسا سسٹم آسٹریلیا میں نظر آتا ہے۔

وزیراعظم کاکہنا تھا کہ مصباح الحق، اظہر علی اور محمد حفیظ کو سمجھایا ہے کہ نئے ڈومیسٹک اسٹرکچر کیلیے اصلاحات میں مشکلات پیش ہوگی مگر اس کے دور رس نتائج برآمد ہوں گے، کسی بھی سسٹم کو موثر بنانے کے لیے وقت درکار ہوتا ہے۔
وقت اشاعت : 17/09/2020 - 17:56:01

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :