وزیراعظم نے ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی کو برطرف کرنے کی ہدایت کر دی

عمران خان دورہ انگلینڈ کے دوران مانچسٹر ٹیسٹ میں پاکستان کی شکست پر نالاں، پاکستان مضبوط پوزیشن میں ہونے کے باوجود میچ ہار گیا تھا

muhammad ali محمد علی جمعرات 17 ستمبر 2020 23:50

وزیراعظم نے ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی کو برطرف کرنے کی ہدایت کر دی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 ستمبر2020ء) ِ وزیراعظم نے ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی کو برطرف کرنے کی ہدایت کر دی، عمران خان دورہ انگلینڈ کے دوران مانچسٹر ٹیسٹ میں پاکستان کی شکست پر نالاں، پاکستان مضبوط پوزیشن میں ہونے کے باوجود میچ ہار گیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی کی کپتانی پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے انہیں تبدیل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

اس حوالے سے ذرائع کا بتانا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی کرکٹ کمیٹی کے ایک رکن سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ دورہ انگلینڈ کے دوران مانچسٹر ٹیسٹ دیکھ رہے تھے۔ میچ پاکستان کے ہاتھ میں تھا پھر بھی انگلینڈ نے فتح حاصل کر لی۔

(جاری ہے)

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اظہر علی کی کپتانی ناقص رہی، انہیں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت کے بعد ٹیسٹ ٹیم کے نئے کپتان کیلئے دیگر نام زیر غور لائے جائیں گے۔

اس حوالے سے پی سی بی کی جانب سے جلد اعلان کیے جانے کا امکان ہے۔ واضح رہے کہ دورہ انگلینڈ کے دوران 3 ٹیسٹ میچوں میں سے صرف ایک میچ نتیجہ خیز ثابت ہوا تھا۔ مانچسٹر ٹیسٹ میں پاکستان فتح کی پوزیشن میں تھا، تاہم ناقص کپتانی اور گیند بازی کی وجہ بسے انگلینڈ کے نچلے نمبرز کے بلے باز مشکل ہدف حاصل کر کے پاکستان کو شکست دینے میں کامیاب ہوگئے تھے۔ اس میچ کی شکست سیریز کیلئے فیصلہ کن ثابت ہوئی اور پھر پاکستان 10 سال بعد انگلینڈ کے ہاتھوں ٹیسٹ سیریز میں شکست سے دوچار ہوا ۔
وقت اشاعت : 17/09/2020 - 23:50:46

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :