بیس بال فیڈریشن آف ایشیا نے انڈر 12ایشین بیس بال چیمپئن شپ اگلے سال تک کے لئے ملتوی کر دی

جمعہ 18 ستمبر 2020 17:53

بیس بال فیڈریشن آف ایشیا نے انڈر 12ایشین بیس بال چیمپئن شپ اگلے سال تک کے لئے ملتوی کر دی
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2020ء) کورونا وائرس کی وجہ سے بیس بال فیڈریشن آف ایشیا نے تائیوان میں کھیلی جانے والی گیارہویں انڈر۔12 ایشین بیس بال چیمپئن شپ اگلے سال مارچ تک کے لئے ملتوی کر دی ہے۔ پاکستان فیڈریشن بیس بال کے صدر سیّد فخر علی شاہ نے سرکاری خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے بتایا کہ کورونا کا مرض ابھی بھی دنیا کے بیشتر ممالک کو متاثر کر رہا ہے جس کی وجہ سے بین الاقوامی سفر ی پابندیاں بھی عائد ہیں۔

ان سب عوامل کی موجودگی میں کسی بھی انٹر نیشنل مقابلے کا انعقاد ناممکن ہے۔ کورونا کی وجہ سے جہاں پوری دنیا میں کھیلوں کی سرگرمیاں بری طرح متاثر ہوئی ہیں وہیں بیس بال کا کھیل بھی اس سے محفوظ نہیں رہا۔ بیس بال فیڈریشن آف ایشیا نے اس سال نومبر میں تائیوان میں کھیلی جانے والی انڈر 12 ایشیئن بیس بال چیمپئن شپ ملتوی کردی ہے۔

(جاری ہے)

چیمپئن شپ اب مارچ2021ء میں کھیلی جائے گی۔

سیّد فخر شاہ کے مطابق مارچ میں کھیلی جانے والی اس چیمپئن شپ میں ایشین فیڈریشن نے 13سال کی عمر کے کھلاڑیوں کو بھی حصہ لینے کی اجازت دیدی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ بیس بال فیڈریشن آف ایشیا نے مزید جو ایونٹ ملتوی کئے ہیں ان میں ایسٹ ایشیا کپ، کوچ کلینک اور سکورر کلینک بھی شامل ہیں۔ یہ ایونٹ اب اگلے سال منعقد ہوں گے۔ اگلے سال کھیلے جانے والے ایونٹس میں گیارھویں انڈر 15ایشین بیس بال چیمپئن شپ، تیسری ایشین ویمن بیس بال چیمپئن شپ، تیرھواں ایسٹ ایشیا کپ، پندرھواں ویسٹ ایشیا کپ، امپائر کلینک، کوچ کلینک اور سکورر کلینک شامل ہیں۔
وقت اشاعت : 18/09/2020 - 17:53:49

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :