پی سی بی سے کوئی رابطہ نہیں اور نہ ہی کسی عہدے کی پیشکش ہوئی ہے :شاہد آفریدی

پی سی بی کے موجودہ سیٹ اپ میں کسی بھی عہدے کیلئے رابطہ نہیں کیا گیا،ایسی کسی چیز کے بارے میں نہیں جانتا: سابق کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 19 ستمبر 2020 13:07

پی سی بی سے کوئی رابطہ نہیں اور نہ ہی کسی عہدے کی پیشکش ہوئی ہے :شاہد آفریدی
کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 ستمبر2020ء) قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے عہدے کی پیشکش سے متعلق خبروں کی تردید کردی۔ تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی سی بی کے موجودہ سیٹ اپ میں کسی بھی عہدے کیلئے ان سے رابطہ نہیں کیا اور وہ ایسی کسی چیز کے بارے میں نہیں جانتے ہیں، واضح رہے کہ میڈیا پر خبریں گردش کررہی تھیں کہ آفریدی کو بورڈ میں اہم عہدے کی پیشکش کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’میں اپنی فاؤنڈیشن کے کام میں بہت مصروف ہوں اور مجھے آپ ہی کے ذریعے ایسی قیاس آرائیوں کے بارے میں علم ہوا، پی سی بی نے مجھ سے موجودہ سیٹ اپ میں کسی بھی عہدے کے لیے رابطہ نہیں کیا۔

(جاری ہے)

شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ انٹرنیشنل کرکٹ دلیروں کا کھیل ہے، ہمارے کھلاڑیوں کو بہتر نتائج کے لیے دلیر بننا ہوگا، کرکٹ میں جارحانہ انداز ہی کامیابی دلواتا ہے۔

علاوہ ازیں شاہد آفریدی نے موجودہ ڈومیسٹک سسٹم کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نئے ڈومیسٹک اسٹرکچر کو اچھا سمجھتے ہیں تو یہ بہتر ہی ہوگا۔بوم بوم آفریدی کا کہنا تھا کہ کسی بھی سسٹم کی افادیت کے سامنے آنے میں دو سے تین سال کا عرصہ لگتا ہے، ٹیم کی کارکردگی میں تبدیلی لانے کے لیے ذہنیت تبدیل کرنا ہوگی۔سابق کپتان نے کہا کہ جارحانہ کرکٹ میں ہی ہماری کامیابی ہے، ڈیپارٹمنٹ سے زائدالعمر کرکٹر ہی فارغ ہوئے ہیں، موجودہ ڈومیسٹک سسٹم میں 290 کھلاڑیوں کو سینٹرل کنٹریکٹ دیا گیا ہے۔
وقت اشاعت : 19/09/2020 - 13:07:07

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :