بھارتی میدان ویران ،کرکٹ ٹیم یواے ای میں میچز کھیلے گی

انگلینڈ کیخلاف سیریز اورآئندہ برس کی آئی پی ایل بھی امارات میں ہونے کاامکان، دونوں بورڈز کا معاہدہ

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 21 ستمبر 2020 12:02

بھارتی میدان ویران ،کرکٹ ٹیم یواے ای میں میچز کھیلے گی
دبئی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 21 ستمبر 2020ء ) ’بدلتا ہے رنگ آسمان کیسے کیسے‘ کے مصداق بھارت بھی یواے ای کو ’دوسرا گھر‘ بنانے پر مجبورہوگیا جبکہ اپنے ملک میں کورونا وائرس کی تباہ کاریوں کے باعث انگلینڈ کی میزبانی صحرائی وینیوز پر کرنے کا سوچنے لگا۔ پاکستان کو طویل عرصے تک سکیورٹی صورتحال کے باعث متحدہ عرب امارات میں اپنی ہوم کرکٹ پر مجبور ہونا پڑا، پی ایس ایل کا بھی وہیں پر آغاز ہوا مگر صورتحال بہتر ہونے پر پاکستانی سرزمین پرمکمل لیگ اور انٹرنیشنل کرکٹ کی بتدریج واپسی ہورہی ہے۔

دوسری جانب پاکستان کو عالمی کرکٹ میں تنہا کرنے کے خواب دیکھنےوالا بھارت خود اپنےملک میں کورونا وائرس کی تباہ کاریوں کے سبب یو اے ای کو دوسرا گھر بنانے پر مجبور ہوگیا ہے، آئی پی ایل کا 13 واں ایڈیشن گذشتہ روز وہاں شروع ہوچکاجبکہ بی سی سی آئی اب جنوری، فروری میں انگلینڈ کی بھی صحرائی وینیوز پر میزبانی پر غور کررہا ہے، یہی نہیں بلکہ اگر صورتحال بہتر نہیں ہوئی تو اگلےبرس کی بھارتی لیگ بھی یو اے ای میں ہی منعقد ہوسکتی ہے۔

(جاری ہے)

گذشتہ روز بی سی سی آئی اور امارات کرکٹ بورڈ کے درمیان ایک میزبانی معاہدہ طےپایا ہے، اس حوالے سےبھارتی بورڈ کے سیکریٹری جے شاہ نے اعلان کیاکہ بی سی سی آئی نے ای سی بی کے ساتھ ہوسٹنگ ایگریمنٹ پر دستخط کیے ہیں جس سےدونوں ممالک کے درمیان کرکٹ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ انھوں نے ای سی بی کے نائب چیئرمین خالد الزارونی سے میٹنگ میں معاہدے پر دستخط کیے، اس موقع پربی سی سی آئی کےصدر ساروگنگولی اور خازن ارون دھمل بھی موجود تھے۔ اگرچہ جے شاہ نے معاہدے کی تفصیلات نہیں بتائیں تاہم ایک رپورٹ کے مطابق فی الحال اس معاہدے میں آئی پی ایل 2020 ء کا ایڈیشن شامل ہے۔
وقت اشاعت : 21/09/2020 - 12:02:43

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :