شاہین آفریدی نے ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ کی 17 سالہ تاریخ کا انوکھا ریکارڈ بناڈالا

مڈل سیکس کیخلاف ٹی ٹونٹی میچ میں 6 کھلاڑیوں کو بولڈ کیا،ٹی ٹونٹی کرکٹ میں مجموعی طورپر7بولرز 4 گیندوں پر 4 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 21 ستمبر 2020 12:22

شاہین آفریدی نے ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ کی 17 سالہ تاریخ کا انوکھا ریکارڈ بناڈالا
لندن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 21 ستمبر 2020ء ) پاکستانی فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے ٹی ٹونٹی بلاسٹ میں 4 بالز پر 4 شکار کرکے ہیٹ ٹرک مکمل کرلی، وہ یہ کارنامہ انجام دینے والے پہلے پاکستانی بولر بن گئے۔ شاہین آفریدی نے یہ کارنامہ انگلینڈ میں جاری ٹی ٹونٹی بلاسٹ میں انجام دیا۔ پاکستانی پیسر نے ہمشائر کی جانب سے کھیلتے ہوئے اپنے اسپیل کے آخری اور مجموعی طور پر ٹیم کے 18ویں اوور میں حریف ٹیم مڈل سیکس ٹیم کے پرخچے اڑادیے۔

ہیمپشائر نے پہلے کھیلتے ہوئے حریف مڈل سیکس کو 142 رنز کا ہدف دیا۔ جواب میں حریف ٹیم کے لیے ہدف آسان دکھائی دے رہا تھا لیکن اپنے سپیل کے آخری اوور میں شاہین آفریدی نے مسلسل چار گیندوں کے وقفے کے دوران یہ خواب چکنا چور کردیا۔ شاہین آفریدی نے جان سمپسن، سٹیون فن، تھلن ولالاویتا اور ٹم مرتغ کو آؤٹ کرکے اپنی ڈبل ہیٹ ٹرک مکمل کی۔

(جاری ہے)

شاہین شاہ آفریدی نے میچ میں مجموعی طور پر 6 وکٹیں حاصل کیں اور اپنی ٹیم کو 20 رنز سے کامیابی دلوائی۔ واضح رہے کہ یہ کارنامہ انجام دینے والے وہ پہلے پاکستانی بولر بن گئے۔ شاہین آفریدی کی ان چار وکٹوں سے متعلق دلچسپ بات یہ ہے کہ انھوں نے تمام کھلاڑیوں کو کلین بولڈ کیا۔ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ کی تاریخ میں یہ پہلا موقع تھا جب کسی بائولر نے ایک میچ میں 6 کھلاڑیوں کو بولڈ کیا،اس سے قبل بنگلہ دیش کے روبیل حسین نے اپریل 2010ء میں چٹاگانگ ڈویژن کی جانب سے ڈھاکہ ڈویژن کے 5 بلے باز بولڈ کیے تھے جب کہ پاکستان کے حسن علی نے نومبر 2017ء میں بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کے دوران کومیلا وکٹورینز کی جانب سے ڈھاکہ ڈائنامائٹس کے 5 بلے بازوں کی وکٹیں اڑائیں تھیں۔

خیال رہے کہ ٹی ٹونٹی کرکٹ میں مجموعی طور پر 7 بولرز 4 گیندوں پر 4 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔
وقت اشاعت : 21/09/2020 - 12:22:58

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :