ملک میں بیڈمنٹن کے ٹیلنٹ کی کمی نہیں، سہولیات فراہم کرنے کی ضرورت ہے، پرویز بٹ

پیر 21 ستمبر 2020 16:48

ملک میں بیڈمنٹن کے ٹیلنٹ کی کمی نہیں، سہولیات فراہم کرنے کی ضرورت ہے، پرویز بٹ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 ستمبر2020ء) اسلام آباد بیڈمنٹن ایسوسی ایشن کے صدر پرویز بٹ نے کہا ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں بیڈمنٹن کے ٹیلنٹ کی کمی نہیں بلکہ سہولیات فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز سرکاری خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں گراس روٹ سطح پر بیڈمنٹن کا کھیل بے پناہ مقبولیت اختیار کر چکا ہے اور تعلیمی اداروں میں لڑکے لڑکیاں بڑے شوق سے کھیلتے ہیں اور ان تعلیمی اداروں سے ہی کھلاڑیوں نے بین الاقوامی سطح پر میڈلز حاصل کر رکھے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمارے کھلاڑیوں نے گذشتہ برس یکم دسمبر سے 10 دسمبر تک نیپال میں کھیلی گئی سائوتھ ایشین گیمز میں 133 میڈلز کے ساتھ چوتھی پوزیشن بھی حاصل کی جبکہ پاکستان نے بیڈمنٹن کے مردوں اور خواتین کے ٹیم ایونٹس میں تین کانسی کے تمغے بھی حاصل کئے تھے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت میں بیڈمنٹن کے ٹیلنٹ کی کمی نہیں بلکہ ان کھلاڑیوں کو سہولیات فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی کھیل حکومت اور سپانسر کی سرپرستی کے بغیر ترقی نہیں کر سکتا، اس لئے سپانسر کو کرکٹ کی طرح بیڈمنٹن کے کھیل پر توجہ دینی چاہئے۔
وقت اشاعت : 21/09/2020 - 16:48:12

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :