نیشنل ٹی ٹونٹی کپ میں تقریباََ 90 لاکھ روپے کی انعامی رقم تقسیم ہوگی

پرکشش انعامی رقم کی تقسیم کا مقصد کرکٹ سے حاصل ہونے والے پیسہ واپس کرکٹرز کو دینا ہے، ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس ندیم خان

منگل 22 ستمبر 2020 11:52

نیشنل ٹی ٹونٹی کپ میں تقریباََ 90 لاکھ روپے کی انعامی رقم تقسیم ہوگی
ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 ستمبر2020ء) ملک بھر سے تعلق رکھنے والے محدود طرزکی کرکٹ کے بہترین کھلاڑی 30 ستمبر سے ملتان میں شروع ہونے والے نیشنل ٹی ٹونٹی کپ میں جلوہ گر ہوں گے۔ ڈومیسٹک کرکٹ سیزن 21-2020 کے اس ابتدائی ٹورنامنٹ میں مجموعی طورپر تقریباََ 90 لاکھ روپے کی انعامی رقم تقسیم ہوگی۔
ایونٹ کی فاتح ٹیم کو 50 لاکھ روپے کی انعامی رقم دی جائے گی جبکہ دوسری فائنلسٹ ٹیم 25 لاکھ روپے کی حقدار ٹھہرے گی، یہی نہیں بلکہ ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی، بیٹسمین، باؤلر اور وکٹ کیپر کو ایک ایک لاکھ روپے کی انعامی رقم بھی دی جائے گی۔


سیزن کے پہلے ٹورنامنٹ کے دوران ہر میچ کے بہترین کھلاڑی کو 25 ہزار روپے دئیے جائیں گے جبکہ ڈبل لیگ کی بنیاد پر کھیلے جانے والے اس ایونٹ کے مین آف دی فائنل کو بطور انعام 35 ہزار روپے ملیں گے۔

(جاری ہے)

ایونٹ کا فائنل 18 اکتوبر کو پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ٹورنامنٹ میں تقسیم ہونے والی یہ تقریباََ 90 لاکھ روپے کی انعامی رقم ڈومیسٹک کنٹریکٹ کے حامل کھلاڑیوں کو ملنے والے ماہوار وظیفے اور میچ فیس کے علاوہ ہے۔

اُدھر سیزن 21-2020 کا ڈومیسٹک کنٹریکٹ حاصل کرنے والا ایک کرکٹر ماہوار وظیفے اور میچ فیس کی مد میں سالانہ 18 سے 32 لاکھ روپے (کٹیگری کے اعتبار سے) کمائے گا۔
 عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کیلیے پرکشش انعامی رقم کا اعلان پاکستان کرکٹ بورڈ کی اُس پالیسی کے عین مطابق ہے جس کا مقصد ڈومیسٹک کرکٹ کے معیار کو مزید بہتر بناناہے۔


ندیم خان، ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس:
ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس ندیم خان کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے کرکٹ سے حاصل ہونے والے پیسے کو واپس کرکٹرز کی فلاح و بہبود پر خرچ کرنے کو ہی اپنا ہدف بنا رکھا ہے اور یہی وجہ ہے کہ نیشنل ٹی ٹونٹی کپ میں مجموعی طور پر تقریباََ 90 لاکھ روپے کی انعامی رقم مختلف انداز سے کھلاڑیوں میں تقسیم کی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ماہوار وظیفے اور میچ فیس کی مد میں پی سی بی پہلے ہی کھلاڑیوں کی کمائی کا ایک نیا اور پرکشش اسٹرکچر متعارف کرواچکا ہے، اب کوویڈ19 کے دوران ڈبل لیگ کی بنیاد پر کھیلا جانے والا یہ ایونٹ کھلاڑیوں کی آمدن کو بھی دگناکردے گا۔
وقت اشاعت : 22/09/2020 - 11:52:30

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :