سیمونا ہالیپ نے اٹالین اوپن ٹینس ٹوررنامنٹ جیت لیا

منگل 22 ستمبر 2020 15:30

روم ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 ستمبر2020ء) رومانیہ کی نامور ٹینس سٹار اور عالمی نمبر دو سیمونا ہالیپ نے اٹالین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ جیت لیا۔ انہوں نے ویمنز سنگلز فائنل میچ میں جمہوریہ چیک کی انجری مسائل کا شکار کیرولینا پالیسکووا کو ہرا کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ سیمونا ہالیپ کا رواں سال تیسرے گرینڈ سلام فرنچ اوپن ٹینس سے قبل یہ پہلا ٹائٹل ہے جو انہوں نے اپنے نام کیا۔

اٹلی کے دارالحکومت روم میں جاری ٹینس ٹورنامنٹ میں کھیلے گئے ویمنز سنگلز فائنل میں 28 سالہ عالمی نمبر دو ٹینس سٹار سیمونا ہالیپ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جمہوریہ چیک کی کیرولینا پالیسکووا کے خلاف پہلا سیٹ 6-0 سے جیتا۔ دوسرے سیٹ میں سیمونا ہالیپ کو 2-1 کی برتری حاصل تھی کہ کیرولینا انجری مسائل کے باعث مقابلے سے دستبردار ہوگئیں اور سیمونا ہالیپ نے باآسانی ٹورنامنٹ جیت لیا۔

(جاری ہے)

سیمونا ہالیپ نے 2018 میں فرنچ اوپن کا اعزاز جیتا تھا، کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے ہونے والے کھیلوں کے وقفے کے بعد دوبارہ کھیل شروع پر لگاتار 14 میچز جیت چکی ہیں۔ واضح رہے کہ سیمونا ہالیپ فرنچ اوپن کی آسٹریلوی دفاعی چیمپئن ایشلی بارٹی کی عدم موجودگی میں گرینڈ سلام ایونٹ میں ٹاپ سیڈ ہوں گی۔ ایشلی بارٹی کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے آسٹریلیا سے سفر نہیں کرنا چاہتی ہیں۔
وقت اشاعت : 22/09/2020 - 15:30:18

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :