قومی ٹی 20 کپ ، سیالکوٹ کو 6 ٹائٹل فتوحات کا اعزازحاصل

تیزترین سنچری عمر اکمل، ففٹی عمران نذیر نے بنائی، عرفان الدین نی6وکٹیں لیں

منگل 22 ستمبر 2020 22:33

قومی ٹی 20 کپ ، سیالکوٹ کو 6 ٹائٹل فتوحات کا اعزازحاصل
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 ستمبر2020ء) رواں سال قومی ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کے 17ویں چیمپئن کا فیصلہ ہوگا جبکہ سب سے زیادہ 6 ٹائٹل فتوحات کا اعزاز سیالکوٹ کوحاصل ہے۔ پاکستان میں ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کا آغاز2005 میں ہوا،ابھی تک 16 ایڈیشنز ہوچکے ہیں،پہلے ایونٹ ریجنز کے مابین ہوتا تھا، گذشتہ سیزن میں 6 صوبائی ایسوسی ایشنز ایکشن میں تھیں، ناردرن کی ٹیم 30 ستمبر سے ملتان میں شروع ہونیوالے ایونٹ میں اعزاز کا دفاع کریگی۔

پی سی بی کی جانب سے ارسال کردہ اعدادوشمار کے مطابق سیالکوٹ سٹالینز سب سے زیادہ 6 جبکہ لاہور کی ٹیموں (لاہور لائنز 3مرتبہ، لاہور بلوز اور وائٹس1،1 مرتبہ) نے 5 مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کیا۔ پشاور پینتھرز، پشاورریجن، فیصل آباد وولفز، کراچی بلوز اور ناردرن نے ایک ایک مرتبہ ٹرافی جیتی، سیالکوٹ سٹالینز نے 2006 سے 2010 تک مسلسل 25 میچز جیت کر عالمی ریکارڈ اپنے نام کیا۔

(جاری ہے)

پاکستان میں ٹی ٹونٹی کرکٹ میں تیزترین نصف سنچری بنانیکا اعزاز بھی سیالکوٹ سٹالینز کے عمران نذیر کے پاس ہے، انھوں نے 2005 میں لاہور ایگلز کے مقابل 14 گیندوں پر 50 رنز کی طوفانی اننگز کھیلی تھی، 2016 میں راولپنڈی ریجن کیخلاف لاہور وائٹس کے عمر اکمل نے 43 گیندوں پر ایونٹ کی تیز ترین سنچری بنائی تھی۔احمد شہزاد اور خرم منظور3،3 سنچریاں بنا چکے ہیں، خرم 30.20 کی اوسط سے 2235 رنز کے ساتھ ایونٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانیوالے بیٹسمین بھی ہیں، 2017 میں لاہور وائٹس کے کامران اکمل نے اسلام آباد ریجن کے مقابل 150 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی،انھوں نی12 چھکے جڑے جو ایک ریکارڈ ہے۔

بہترین بولنگ کا ریکارڈ کراچی ڈولفنز کے عرفان الدین کے پاس ہے، انھوں نے 2006 میں سیالکوٹ سٹالینز کیخلاف 25 رنز کے عوض 6 وکٹیں حاصل کیں۔
وقت اشاعت : 22/09/2020 - 22:33:02

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :