اٹالین اوپن ٹینس ٹوررنامنٹ، عالمی نمبر ایک نوویک جوکووچ نے ریکارڈ 36 واں ماسٹرز ٹائٹل جیت لیا

منگل 22 ستمبر 2020 22:33

روم(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 ستمبر2020ء) سربیا کے شہرہ آفاق ٹینس سٹار اور عالمی نمبر ایک نوویک جوکووچ نے اٹالین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ جیت لیا۔ رواں ماہ کے میگا ایونٹ یو ایس اوپن ٹینس سے نااہل ہونے کے بعد اپنا پہلا ٹورنامنٹ کھیلنے والے سرب کھلاڑی نے مینز سنگلز فائنل میں ڈیاگو شوارٹزمین کو شکست دے کر ریکارڈ 36 واں ماسٹرز ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔

اٹلی کے دارالحکومت روم میں جاری ٹینس ٹورنامنٹ میں کھیلے گئے مینز سنگلز فائنل میں 33 سالہ عالمی نمبر ایک ٹینس سٹار نوویک جوکووچ نے عمدہ روایتی کھیل پیش کرتے ہوئے ارجنٹائن کے حریف ڈیاگو شوارٹز مین کو سٹریٹ سیٹس میں 7-5 اور 6-3 سے ہرا کر نہ صرف ٹورنامنٹ جیت لیا بلکہ ریکارڈ 36 واں ماسٹر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔

(جاری ہے)

نوویک جوکووچ اس سے قبل اس ریکارڈ میں ہسپانوی ٹینس سٹار رافیل نڈال کے ہم پلہ تھے دونوں کھلاڑیوں نے یہ ٹائٹل 35، 35 مرتبہ جیتا تھا تاہم اٹالین اوپن ٹینس جیت کر نوویک جوکووچ نے رافیل نڈال کا 35 ماسٹرز ٹائٹل جیتنے کا ریکارڈ توڑ دیا ہے اور اب ماسٹرز ٹائٹل میں سربیا کے نوویک جوکووچ 36 ٹائٹلز کے ساتھ پہلے ہسپانوی ٹینس سٹار رافیل نڈال 35 ماسٹرز ٹائٹلز کے ساتھ دوسرے، سوئٹزرلینڈ کے راجر فیڈرر 28 ماسٹرز ٹائٹلز کے ساتھ تیسرے، امریکہ کے آندرے آگاسی 17 ٹائٹلز کے ساتھ چوتھے جبکہ برطانوی ٹینس سٹار اینڈی مرے 14 ماسٹرز ٹائٹلز کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہیں۔

یہ نوویک جوکووچ کے ٹینس کیریئر کا 81 واں ٹائٹل ہے۔ روواں سال کا تیسرا گرینڈ سلام فرنچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ 27 ستمبر سے شروع ہو رہا ہے، ہسپانوی ٹینس سٹار رافیل نڈال پیرس میں مردوں کے سنگلز مقابلوں کے ٹائٹل کے دفاع کے لئے میدان میں اتریں گے۔
وقت اشاعت : 22/09/2020 - 22:33:02

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :