ملک بھر سے بہترین کھلاڑی 30 ستمبر سے ملتان میں نیشنل ٹی ٹونٹی کپ میں جلوہ گر ہوں گے

ڈومیسٹک کرکٹ سیزن 21-2020 کے ابتدائی ٹورنامنٹ میں مجموعی طورپر تقریباًً 90 لاکھ روپے کی انعامی رقم تقسیم ہوگی ایونٹ کی فاتح ٹیم کو 50 لاکھ روپے کی انعامی رقم دی جائے گی جبکہ دوسری فائنلسٹ ٹیم 25 لاکھ روپے کی حقدار ٹھہرے گی

منگل 22 ستمبر 2020 23:22

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 ستمبر2020ء) ملک بھر سے تعلق رکھنے والے محدود طرز کی کرکٹ کے بہترین کھلاڑی 30 ستمبر سے ملتان میں شروع ہونے والے نیشنل ٹی ٹونٹی کپ میں جلوہ گر ہوں گے۔ ڈومیسٹک کرکٹ سیزن 21-2020 کے اس ابتدائی ٹورنامنٹ میں مجموعی طورپر تقریباًً 90 لاکھ روپے کی انعامی رقم تقسیم ہوگی۔ایونٹ کی فاتح ٹیم کو 50 لاکھ روپے کی انعامی رقم دی جائے گی جبکہ دوسری فائنلسٹ ٹیم 25 لاکھ روپے کی حقدار ٹھہرے گی، یہی نہیں بلکہ ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی، بیٹسمین، باؤلر اور وکٹ کیپر کو ایک ایک لاکھ روپے کی انعامی رقم بھی دی جائے گی۔

سیزن کے پہلے ٹورنامنٹ کے دوران ہر میچ کے بہترین کھلاڑی کو 25 ہزار روپیدئیے جائیں گے جبکہ ڈبل لیگ کی بنیاد پر کھیلے جانے والے اس ایونٹ کے مین آف دی فائنل کو بطور انعام 35 ہزار روپے ملیں گے۔

(جاری ہے)

ایونٹ کا فائنل 18 اکتوبر کو پنڈی کرکٹ سٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ٹورنامنٹ میں تقسیم ہونے والی یہ تقریباًً 90 لاکھ روپے کی انعامی رقم ڈومیسٹک کنٹریکٹ کے حامل کھلاڑیوں کو ملنے والے ماہوار وظیفے اور میچ فیس کے علاوہ ہے۔

اٴْدھر سیزن 21-2020 کا ڈومیسٹک کنٹریکٹ حاصل کرنے والا ایک کرکٹر ماہوار وظیفے اور میچ فیس کی مد میں سالانہ 18 سے 32 لاکھ روپے (کٹیگری کے اعتبار سے ) کمائے گا۔عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کے لیے پرکشش انعامی رقم کا اعلان پاکستان کرکٹ بورڈ کی اٴْس پالیسی کے عین مطابق ہے جس کا مقصد ڈومیسٹک کرکٹ کے معیار کو مزید بہتر بنانا ہے۔

ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس ندیم خان کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے کرکٹ سے حاصل ہونے والے پیسے کو واپس کرکٹرز کی فلاح و بہبود پر خرچ کرنے کو ہی اپنا ہدف بنا رکھا ہے اور یہی وجہ ہے کہ نیشنل ٹی ٹونٹی کپ میں مجموعی طور پر تقریباًً 90 لاکھ روپے کی انعامی رقم مختلف انداز سے کھلاڑیوں میں تقسیم کی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ ماہوار وظیفے اور میچ فیس کی مد میں پی سی بی پہلے ہی کھلاڑیوں کی کمائی کا ایک نیا اور پرکشش سٹرکچر متعارف کرواچکا ہے، اب کوویڈ19 کے دوران ڈبل لیگ کی بنیاد پر کھیلا جانے والا یہ ایونٹ کھلاڑیوں کی آمدن کو بھی دگنا کردے گا۔
وقت اشاعت : 22/09/2020 - 23:22:36

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :