پی سی بی نے زمبابوے ٹیم کے دورہ پاکستان کی تصدیق کر دی

،ٹیم 20 اکتوبر کو پاکستان آئیگی، سیریز کا آغاز 30 اکتوبر سے ہو گا سری لنکا، بنگلہ دیش، ایم سی سی اور ایچ بی ایل پی ایس ایل کے کامیاب انعقاد کے بعد زمباوے کیخلاف سیریز سے پاکستان نے دنیا کے افق پر اپنا تشخص ایک پر امن و محفوظ ملک کی حیثیت سے منوالیا ہے، ذاکر خان

بدھ 23 ستمبر 2020 17:14

پی سی بی نے زمبابوے ٹیم کے دورہ پاکستان کی تصدیق کر دی
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2020ء) زمبابوے کرکٹ ٹیم 20 اکتوبر کوپاکستان آئیگی۔ ترجمان پی سی بی کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ میں اپنی مہم کا آغاز زمبابوے کیخلاف تین میچوں کی سیریز سے کریگی، تین ون ڈے میچوں پر مشتمل سیریز کا آغاز 30 اکتوبر سے ہو گا، ملتان میں کھیلی جانے والی اس سیریز کے دیگر دو میچز یکم اور 3 نومبر کو کھیلے جائیں گے۔

اس کے بعد دونوں ٹیمیں ٹی ٹونٹی سیریز کھیلنے راولپنڈی کا رخ کرینگی، جہاں وہ 7 ،8 اور 10 نومبر کو ایکشن میں نظر آئیں گی۔آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2023ء کا کوالیفائنگ رائونڈ بھی ہے‘جہاں ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے والے 12 ممالک سمیت نیدرلینڈ کی ٹیم ایکشن میں نظر آئیگی۔

(جاری ہے)

اس ایونٹ کی 7 بہترین ٹیمیں اور ایک میزبان ملک کو میگا ایونٹ میں رسائی ملے گی۔

سپر لیگ میں شامل ہر ٹیم کو 4ہوم اور 4 اوے سیریز میں شرکت کرنی ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل ذاکر خان کا کہنا ہے کہ سری لنکا، بنگلہ دیش، ایم سی سی اور ایچ بی ایل پی ایس ایل کے کامیاب انعقاد کے بعد اب زمباوے کیخلاف سیریز سے یہ واضح ہوتا ہے کہ پاکستان نے دنیا کے افق پر اپنا تشخص ایک پر امن اور محفوظ ملک کی حیثیت سے منوالیا ہے، اس سیریز کی تصدیق سے دنیا کو یہ پیغام بھی ملتا ہے کہ پاکستان نے بہت کامیاب انداز سے کورونا وائرس کی وباء پر قابو پایا ہے۔

ذاکر خان نے کہاکہ آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2023ء کے کوالیفائنگ رائونڈ کے باعث یہ سیریز پاکستان کیلئے بہت اہمیت کی حامل ہے کیونکہ سپر لیگ کا ایک ایک پوائنٹ بہت قیمتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم ایک منظم حکمت عملی کے تحت زمبابوے کیخلاف میچز ملتان اور راولپنڈی میں منعقد کروارہے ہیں کیونکہ 30 ستمبرسے 18 اکتوبر تک جاری رہنے والا نیشنل ٹی ٹونٹی کپ بھی انہی 2 وینیوز پر کھیلا جا رہا ہے، لہذا جب تک زمبابوے کی ٹیم پاکستان آئیگی ہمیں ان دونوں وینیوز پر بائیوسیکیور ہوٹلز ‘کھلاڑیوں کی آمدورفت سمیت گرائونڈ اور ڈریسنگ روم میں موجود تمام افراد کو ایک محفوظ ماحول فراہم کرنے کیلئے کوویڈ19 پروٹوکولز کے نفاذ کا وسیع تجربہ ہو چکا ہوگا۔

انکا کہنا تھا کہ زمبابوے کو دونوں طرز کی کرکٹ کیلئے اپنا 32 رکنی اسکواڈ ہمراہ لانے کی درخواست کی گئی ہے جو اس دوران اپنے وارم اپ میچز بھی آپس میں کھیلیں گے،کوویڈ 19 پروٹوکولز کے مطابق زمبابوے کرکٹ ٹیم اپنا پہلا کوویڈ ٹیسٹ ہرارے سے کروانے کے 48 گھنٹے بعد پاکستان کیلئے اڑان بھرے گی، ان کے اسکواڈ میں شامل تمام افراد کا دوسرا کوویڈ 19 ٹیسٹ ان کی اسلام آباد آمد پر لیا جائیگا۔

ذاکر خان نے کہا کہ جن کھلاڑیوں اور اسپورٹ اسٹاف کا اسلام آباد میں لیا گیا ٹیسٹ منفی آئیگا انہیں ٹریننگ شروع کرنے کی اجازت دیدی جائیگی، اس دوران اگر کسی فرد کے کوویڈ19 ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آتی ہے تو اسے 5 روز سیلف آئسولیشن میں گزارنے ہونگے اور اس دوران اس کے مسلسل 2 کوویڈ 19 ٹیسٹ منفی آنے لازمی ہونگے، زمباوے کیخلاف سیریز بند دروازوں میں کھیلی جائیگی۔

سیریز کے شیڈول کے مطابق زمباوے کرکٹ ٹیم 20 اکتوبر کوپاکستان آئیگی، پہلا ایک روزہ میچ ملتان میں 30 اکتوبر، دوسرا یکم نومبر جبکہ تیسرا ایک روز میچ 3 نومبر کو ملتان میں ہی کھیلا جائیگا،اس کے بعد ٹیموں کی4 نومبر کو اسلام آباد روانگی ہوگی جبکہ 7 نومبر کو پہلا ٹی ٹونٹی میچ راولپنڈی میں،دوسرا 8 نومبر ،اسی طرح تیسرا ٹی ٹونٹی میچ بھی راولپنڈی میں 10 نومبر کو کھیلا جائیگا ،جبکہ11 نومبر کو رمباوے کرکٹ ٹیم واپس ہرارے روانہ ہو جائیگی ۔ میچ کے اوقات اور ٹریننگ کے شیڈول کا اعلان مناسب وقت پر کیا جائیگا۔
وقت اشاعت : 23/09/2020 - 17:14:40

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :