پی سی بی کا نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کیلئے میچ آفیشلز کے پینل کا اعلان

جمعرات 24 ستمبر 2020 17:20

پی سی بی کا نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کیلئے میچ آفیشلز کے پینل کا اعلان
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 ستمبر2020ء) پاکستان کرکٹ بورڈ نے نیشنل ٹی ٹونٹی کپ 2020 ء کیلئے میچ آفیشلز کے پینل کا اعلان کردیا ،30 ستمبر سے ملتان میں شروع ہونیوالے فرسٹ الیون ٹورنامنٹ میں پی سی بی کے ایلیٹ پینل میں شامل 14 امپائرز اور 6 میچ ریفریز فرائض سر انجام دیں گے،30 ستمبر سے 18اکتوبر تک جاری رہنے والا نیشنل ٹی ٹونٹی کپ پی ٹی وی اسپورٹس پر براہ راست نشر ہوگا، ایونٹ میں تقریباًً 90 لاکھ روپے کی انعامی رقم تقسیم کی جائے گی جبکہ ایونٹ کے افتتاحی میچ میں دفاعی چیمپئین ناردرن اور خیبرپختونخوا کی ٹیمیں ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں مدمقابل ہوں گی،ایونٹ کا فائنل 18 اکتوبر کو پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلا جائے گا ،پی سی بی کے 6 رکنی ایلیٹ پینل برائے میچ ریفریز میں علی نقوی (لاہور)، افتخار احمد(کراچی)، محمد انیس (لاہور)، محمد اقبال شیخ (حیدرآباد)، ندیم ارشد (فیصل آباد)اور پروفیسر جاوید ملک (ملتان)شامل ہیں،اسی طرح پی سی بی کے 14 رکنی ایلیٹ پینل برائے امپائرزمیں احسن رضا (لاہور)، آفتاب حسین گیلانی (بہاولپور)، آصف یعقوب (اسلام آباد)، فیصل خان آفریدی (سرگودھا)، غفار کاظمی (لاہور)، عمران جاوید (کراچی)، ناصر حسین (لاہور)، قیصر وحید (لاہور)، راشد ریاض وقار (لاہور)، ثاقب خان (ایبٹ آباد)، شوزب رضا (لاہور)، سید امتیاز اقبال (کراچی)، ولید یعقوب (لاہور)اور ضمیر حیدر (لاہور) شامل ہیں، اس حوالے سے منیجر امپائرز اینڈ میچ ریفریز بلال قریشی کا کہنا ہے کہ سال 2004ء کے بعد اب تک کوئی نیا پاکستانی آئی سی سی کے ایلیٹ پینل برائے میچ ریفریز میں جگہ نہیں بناسکا جبکہ 15 سال قبل ٹیسٹ ڈیبیو کرنیوالے ندیم غوری کے بعد ہمارا کوئی نیا امپائر بھی اس سطح پر نہیں پہنچ سکا، لہٰذا پی سی بی ڈومیسٹک سیزن 21-2020ء کے دوران اپنے میچ آفیشلز کو اپنی صلاحیتیں نکھارنے کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنا چاہتا ہے تاکہ وہ آئی سی سی کی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کرسکیں۔

وقت اشاعت : 24/09/2020 - 17:20:10

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :