بائیو سیکیور پروٹوکولز کی خلاف ورزی پر کرکٹر آصف آفریدی کو قرنطینہ بھیج دیا گیا

آصف آفریدی قومی ٹی ٹونٹی کپ کیلئے کے پی کے کی ٹیم کا حصہ ،3 روز سیلف آئسولیشن میں گزاریںگے، ایک کوویڈ 19 ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آنے پر دوبارہ سکواڈ جوائن کرنیکی اجازت ہوگی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 25 ستمبر 2020 15:31

بائیو سیکیور پروٹوکولز کی خلاف ورزی پر کرکٹر آصف آفریدی کو قرنطینہ بھیج دیا گیا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 25 ستمبر 2020ء ) پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ بائیو سیکیور پروٹوکولز کی خلاف ورزی کرنے پر آصف آفریدی کو قرنطینہ میں بھیج دیا گیا ہے۔آصف آفریدی نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کے لیے خیبرپختونخوا کے سکواڈ کا حصہ ہیں۔ 33 سالہ کرکٹر اب 3 روز سیلف آئسولیشن میں گزاریں گے جہاں ایک کوویڈ 19 ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آنے پر انہیں دوبارہ سکواڈ کو جوائن کرنیکی اجازت ہوگی۔

اس کوویڈ 19 ٹیسٹ کے اخراجات آصف آفریدی کو خود برداشت کرنے ہوں گے۔ آصف آفریدی کا کہنا ہے کہ وہ اپنے کیے پر بہت معذرت خواہ ہیں، یہ پروٹوکولز ہماری صحت اور حفاظت کے پیش نظر ہی بنائے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ تو ان سے غلطی ہوگئی ہے مگر وہ آئندہ بہت احتیاط کریںگے۔

(جاری ہے)

 دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ نے نیشنل ٹی ٹونٹی کپ 2020 ء کیلئے میچ آفیشلز کے پینل کا اعلان کردیا ،30 ستمبر سے ملتان میں شروع ہونیوالے فرسٹ الیون ٹورنامنٹ میں پی سی بی کے ایلیٹ پینل میں شامل 14 امپائرز اور 6 میچ ریفریز فرائض سر انجام دیںگے،30 ستمبر سے 18اکتوبر تک جاری رہنے والا نیشنل ٹی ٹونٹی کپ پی ٹی وی سپورٹس پر براہ راست نشر ہوگا، ایونٹ میں تقریباًً 90 لاکھ روپے کی انعامی رقم تقسیم کی جائیگی جبکہ ایونٹ کے افتتاحی میچ میں دفاعی چیمپئین ناردرن اور خیبرپختونخوا کی ٹیمیں ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں مدمقابل ہوں گی،ایونٹ کا فائنل 18 اکتوبر کو پنڈی کرکٹ سٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلا جائیگا ،پی سی بی کے 6 رکنی ایلیٹ پینل برائے میچ ریفریز میں علی نقوی (لاہور)، افتخار احمد(کراچی)، محمد انیس (لاہور)، محمد اقبال شیخ (حیدرآباد)، ندیم ارشد (فیصل آباد)اور پروفیسر جاوید ملک (ملتان)شامل ہیں،اسی طرح پی سی بی کے 14 رکنی ایلیٹ پینل برائے امپائرزمیں احسن رضا (لاہور)، آفتاب حسین گیلانی (بہاولپور)، آصف یعقوب (اسلام آباد)، فیصل خان آفریدی (سرگودھا)، غفار کاظمی (لاہور)، عمران جاوید (کراچی)، ناصر حسین (لاہور)، قیصر وحید (لاہور)، راشد ریاض وقار (لاہور)، ثاقب خان (ایبٹ آباد)، شوزب رضا (لاہور)، سید امتیاز اقبال (کراچی)، ولید یعقوب (لاہور)اور ضمیر حیدر (لاہور) شامل ہیں، اس حوالے سے منیجر امپائرز اینڈ میچ ریفریز بلال قریشی کا کہنا ہے کہ 2004ء کے بعد اب تک کوئی نیا پاکستانی آئی سی سی کے ایلیٹ پینل برائے میچ ریفریز میں جگہ نہیں بناسکا جبکہ 15 سال قبل ٹیسٹ ڈیبیو کرنیوالے ندیم غوری کے بعد ہمارا کوئی نیا امپائر بھی اس سطح پر نہیں پہنچ سکا، لہٰذا پی سی بی ڈومیسٹک سیزن 21-2020ء کے دوران اپنے میچ آفیشلز کو اپنی صلاحیتیں نکھارنے کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنا چاہتا ہے تاکہ وہ آئی سی سی کی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کرسکیں۔

وقت اشاعت : 25/09/2020 - 15:31:30

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :