گزشتہ روز انتقال کر نے والے ڈین جونز کی جانب سے آصف علی کی بیٹی کیلئے امداد کی درخواست سوشل میڈیا پر وائر ہوگئی

ڈین جونز کرکٹ میں اعلیٰ کارکردگی کے علاوہ انسانیت کیلئے دردِ دل رکھنے والے انسان بھی تھے، پریس کانفرنس میں آبدیدہ بھی ہوگئے تھے

جمعہ 25 ستمبر 2020 16:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2020ء) گزشتہ روز دارِ فانی سے کوچ کرنے والے کرکٹ آسٹریلیا کے لیجنڈ بیٹسمین ڈین جونز کا ایک میسج سوشل میڈیا پر زیر گردش ہے جس میں وہ کینسر سے نبرد آزما قومی کرکٹر آصف علی کی بیٹی کیلئے امداد کی درخواست کر رہے ہیں۔میسج کے اسکرین شاٹ سے واضح ہوتا ہے کہ ڈین جونز کرکٹ میں اعلیٰ کارکردگی کے علاوہ انسانیت کیلئے دردِ دل رکھنے والے انسان بھی تھے۔

سوشل میڈیا صارف ریحان کی جانب سے شیئر کئے گئے میسج کے اسکرین شاٹ میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ڈین جونز ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں سے آصف کی مالی مدد کے لیے امداد کی درخواست کررہے ہیں۔ڈین جونز نے اپنے میسج میں لکھا کہ میں سوچ رہا ہوں کہ ہمیں آصف اور اس کے اہل خانہ کی مالی مدد کیلئے کچھ امداد اکھٹی کرنی چاہئے تاکہ اسے علاج معالجے کیلئے اخراجات میں مدد مل سکے۔

(جاری ہے)

ڈین جونز کو اپنے کھلاڑیوں سے بہت محبت تھی، اسلام آباد یونائیٹڈ کے ہیڈ کوچ ڈین جونز ایک دفعہ کرکٹ میچ کے حوالے سے پریس کانفرنس کے دوران آصف علی کی بیٹی کی صحت کا ذکر کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئے تھے۔پریس کانفرنس میں ڈین جونز نے ہچکیاں لیتے ہوئے کہا تھا کہ آصف علی کی بیٹی بہت بیمار ہے، بہت شدید بیمار، یہ کہہ کر وہ روتے ہوئے پریس کانفرنس سے اٹھ کر گئے تھے جس نے بھی یہ مناظر دیکھے تھے وہ ایک غیر ملکی کوچ کے پاکستان کے کھلاڑی اور ان کی بیٹی کے لیے ایسے جذبات دیکھ کر حیران رہ گیا تھا۔
وقت اشاعت : 25/09/2020 - 16:20:01

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :