کبھی انوشکا شرما پر الزام نہیں لگایا، سنیل گواسکر کا زوردار جواب

میں نے صرف اتنا کہا کہ ویڈیو سے یہی پتہ چلتا ہے کہ ویرات کوہلی صرف انوشکا شرما کی باﺅلنگ پر ہی پریکٹس کرتے رہے، ٹینس بال سے لوگوں نے لاک ڈاﺅن میں وقت گزاری کیلئے بہت کھیلا،بتائیں کہ انوشکا شرما پر کہاں الزام لگایا ہے:سابق بھارتی اوپنر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ ستمبر 17:26

کبھی انوشکا شرما پر الزام نہیں لگایا، سنیل گواسکر کا زوردار جواب
دبئی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 26 ستمبر 2020ء ) بھارت کے معروف سابق کرکٹر اور موجودہ کمنٹیٹر سنیل گواسکر نے کہا ہے کہ میں نے ویرات کوہلی کی ناقص کارکردگی کا ذمہ دار انکی اہلیہ انوشکا شرما کو کبھی نہیں ٹھہرایا اور نہ ہی متنازعہ ریمارکس دئیے بلکہ میرے بیانات کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق سنیل گواسکر نے انوشکا شرما کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ سب سے پہلے تو مجھے یہ بتائیں کہ میں کب اور کہاں ان پر الزام لگایا؟ میں انہیں مورد الزام نہیں ٹھہرا رہا۔

میں نے صرف اتنا کہا کہ ویڈیو سے تو یہی پتہ چلتا ہے کہ ویرات کوہلی صرف انوشکا شرما کی باﺅلنگ پر ہی پریکٹس کرتے رہے اور لاک ڈاﺅن کے دوران ویرات کوہلی نے سب سے زیادہ انکی باﺅلنگ کا ہی سامنا کیا ہے، ٹینس بال سے لوگوں نے لاک ڈاﺅن میں وقت گزاری کیلئے بہت کھیلا،اتنا ہی کہا، تو بتائیں کہ انوشکا شرما پر کہاں الزام لگایا ہے۔

(جاری ہے)

سنیل گواسکر کا مزید کہنا تھا کہ میں ان لوگوں میں سے ہوں جنہوں نے سب سے زیادہ اس حق میں آواز بلند کی کہ غیر ملکی دوروں پر کھلاڑیوں کی بیگمات کو بھی ساتھ جانے دیا جائے۔

میں وہ شخص ہوں جس نے یہ کہا کہ ایک عام آدمی جب 9 سے 5 بجے تک ڈیوٹی کر کے واپس آتا ہے تو اپنے بیوی بچوں سے ملتا ہے، تو پھر کرکٹرز غیر ملکی دوروں پر اپنی بیگمات کو ساتھ کیوں نہیں لے جا سکتے۔ کمنٹری کے دوران آکاش چوپڑا نے بھی کہا کہ حقیقت یہی ہے کہ لاک ڈاﺅن کے دوران کھلاڑیوں کو مناسب پریکٹس کے مواقع نہیں ملے اور یہی وجہ ہے کہ آئی پی ایل کے ابتدائی میچز میں چند کھلاڑیوں کی کارکردگی ’زنگ آلود‘ نظر آئی، اپنے پہلے میچ میں روہت شرما بھی صحیح طرح نہ کھیل سکے مگر دوسرے میچ میں رنز بنانے میں کامیاب رہے، اسی طرح مہندرا سنگھ دھونی بھی پہلے میچ میں اچھی کارکردگی نہیں دکھا سکے تھے۔

واضح رہے کہ آئی پی ایل کے میچ کے دوران سنیل گواسکر نے کمنٹری کے دوران ایک جملہ ادا کیا جس پر انوشکا شرما سیخ پا ہو گئیں۔ متحدہ عرب امارات (آئی پی ایل) کے میچ میں ویرات کوہلی کی ناقص فیلڈنگ پر سابق کرکٹر اور معروف کمنٹیٹر سنیل گواسکر نے کہا کہ ”لگتا ہے کوہلی لاک ڈاؤن کے دوران صرف انوشکا کی باؤلنگ پریکٹس کررہے تھے۔“
دلچسپ امر یہ ہے کہ کچھ روز قبل بھارتی کپتان کی ایک ویڈیو بھی وائرل ہوئی تھی جس میں انہیں اپنی اداکارہ بیوی کی باﺅلنگ پر پریکٹس کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

گواسکر کے تبصرے پر بالی ووڈ اداکارہ غصہ ہوئیں اور انہوں نےسابق کرکٹر کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ مسٹر گواسکر آپکا تبصرہ نامناسب تھا، کرکٹ میں شوہرکی ناکامی یا خراب کارکردگی کا الزام بیوی کو دینا غلط اور سراسر زیادتی ہے، آپ کی بات بدمزگی پیدا کرنیوالی ہے، وضاحت چاہوںگی کہ آپ کسی کی کارکردگی پر اہلیہ کو کس طرح مورد الزام ٹھہرا سکتے ہیں، یقین ہے کہ گزشتہ کئی برسوں میں کمنٹری کے دوران آپ کرکٹرز کی نجی زندگی کا احترام کرتے رہے ہوں گے،کیا آپ کو ہمیں عزت نہیں دینا چاہیے تھی، آپ بہتر الفاظ کا استعمال بھی کرسکتے تھے، یہ 2020ء ہے لیکن کچھ بھی نہیں بدلا، نجانے کب لوگ مجھے کرکٹ میں گھسیٹنے اور اس طرح کے جملے کسنے سے باز آئیںگے۔

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

وقت اشاعت : 26/09/2020 - 17:26:25

Your Thoughts and Comments