کراچی لیگ‘ کراچی یونائیٹڈ نے مضبوط حریف سالار کو قابو کرلیا

پیر 27 جنوری 2014 15:49

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27جنوری 2014ء) اسامہ حلیم کے فیصلہ کن گول نے کراچی یونائیٹڈ کو مضبوط حریف سالار ویلفیئر سینٹر ملیر کیخلاف 1-0کی کامیابی سے ہمکنار کرکے 11ویں کے وائی آئی کوکاکولا کراچی فٹبال لیگ میں کامیاب آغاز فراہم کیا، اعظم اسپورٹس نے وسیم الله کی شاندار ہیٹ ٹرک کی بدولت عثمان آباد یونین پر 5-2کی سبقت حاصل کی جبکہ گلستان فرینڈز کورنگی نے ملک اسٹار اورنگی کو فرید عالم کے 2گول کی بدولت2-0سے مات دی۔

فاتح ٹیموں نے اپنے اکاوٴنٹ میں 3,3پوائنٹس جمع کرلئے ۔31جنوری کو بلوچ مجاہد اسٹیڈیم پر ایف سی روورز ملیر اور بلوچ مجاہد کے مابین مقابلہ ہوگا۔بلوچ مجاہد اسٹیڈیم ابراہیم حیدری پر کراچی یونائیٹڈ نے ڈسٹرکٹ ملیر کی نامور کلب سالار ویلفیئر سینٹر کو1-0سے قابو کیا۔

(جاری ہے)

وقفہ پر مقابلہ برابر تھا تاہم 65ویں منٹ میں اسامہ حلیم کو میدان میں اتارا گیا تو وہ ٹیم کیلئے کارگر ثابت ہوئے اور اپنی آمد کے دوسرے ہی منٹ میں خوبصورت گول بنا یا جو مقررہ وقت تک برقرار رہا۔

کورنگی بلوچ شرافی پر ڈی جی رینجرز چمپئن اعظم اسپورٹس نے عثمان آباد یونین کے ساتھ کوئی رعایت نہ کی اور 5-2کی آسان کامیابی ان کا مقدر بنی۔نوید الله نے گول اسکورنگ کا آغاز کیا جب 30ویں منٹ میں گیند نے جال کا رخ کیا بعدازاں وسیم الله نے یکے بعد دیگرے تین گول 34ویں،37ویں اور45ویں منٹ میں داغ کر ایونٹ کی پہلی ہیٹ ٹرک بنانے کا اعزاز اپنے نام کیا۔

وقفہ پر اعظم اسپورٹس کو 4-0کی برتری حاصل تھی۔ 49ویں منٹ میں عثمان آباد یونین نے لیاقت حسین کے ذریعے خسارے کو 1-4کیااور84ویں منٹ میں بابر علی نے پنالٹی کک کو کارامد بنا کر اسکور 2-4کردیا تاہم آخری لمحات میں محمد عدنان نے میچ کا آخری گول اسکور کرکے اعظم اسپورٹس کی فتح کو 5-2سے یقینی بنادیا۔محمدی اسٹیڈیم میمن گوٹھ ملیر پر کھیلے گئے مقابلے میں گلستان فرینڈز اور ملک اسٹار کے مابین کانٹے دار مقابلہ دیکھنے میں آیا۔

وقفہ پر مقابلہ 0-0سے برابر تھا تاہم گلستان فرینڈز کے رائٹ ونگر فرید عالم نے فتح میں اہم کردار ادا کیا جب انہوں نے 56ویں اور89ویں منٹ میں گیند کو جال میں پہنچانے میں کوئی غلطی نہ کی اور اپنی ٹیم کو فاتح کی حیثیت سے میدان سے باہر لائے۔ریفری سعید خان، شوکت حسین، قاری طاہر،چوہدری سرفراز،ابرارحسین، عبدالروٴف ، عبدالواحد،محمدعمر، عبدالغفوراور عبدالغنی جبکہ میچ کمشنر خالد مجید، ایچ ایم حنیف اوررفیق بلوچ تھے

وقت اشاعت : 27/01/2014 - 15:49:14

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :