سدرن پنجاب اور خیبرپختونخوا نے نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کی ٹرافی پر نظریں جمالیں

پیر 28 ستمبر 2020 18:05

سدرن پنجاب اور خیبرپختونخوا نے نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کی ٹرافی پر نظریں جمالیں
ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 ستمبر2020ء) نیشنل ٹی ٹونٹی کپ فرسٹ الیون ٹورنامنٹ کا پہلا مرحلہ تیس ستمبر سے ملتان میں شروع ہوگا جبکہ ٹورنامنٹ کا فائنل 18 اکتوبر کو راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔ دیگر چار ٹیموں کی طرح سدرن پنجاب اور خیبرپختونخوا کی ٹیموں نے بھی ایونٹ کی چمچماتی ٹرافی پر نظریں جما رکھی ہیں،خیبرپختونخوا:تجربہ کار اور ٹی ٹونٹی کرکٹ کے معروف کھلاڑیوں پر مشتمل خیبرپختونخوا کی ٹیم فینز کیساتھ ساتھ کئی سابق کرکٹرز کی بھی فیورٹ ہے۔

محمد رضوان کی قیادت میں میدان میں اترنے والی اس ٹیم میں شعیب ملک، محمد حفیظ اوروہاب ریاض جیسے ٹی ٹونٹی اسپیشلسٹ کرکٹرز موجود ہیں ۔ان تینوں کرکٹرز کے پاس مجموعی طور پر 932 ٹی ٹونٹی میچوں کا تجربہ ہے۔

(جاری ہے)

خیبر پختونخوا کی ٹیم اپنی اننگز کا آغاز بائیں ہاتھ کے بیٹسمین فخر زمان اور صاحبزادہ فرحان جیسے اوپنرز سے کرے گی۔ مڈل آرڈر میں محمد حفیظ کے ساتھ ساتھ کپتان محمد رضوان ، شعیب ملک اور افتخار احمد ان ایکشن ہوں گے۔

خیبر پختونخواکی بالنگ کا انحصار فاسٹ بالر وہاب ریاض اور جنید خان سمیت پاکستان کے ابھرتے ہوئے فاسٹ بالر عثمان شنواری کے تیز رفتار اسپیلز پر ہوگا۔حال میں انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ حاصل کرنے والے محمد رضوان نے گزشتہ برس نیشل ٹی ٹونٹی کپ کی چھ اننگز میں 43 کی اوسط سے 215 رنز بنائے تھے۔ابھرتے ہوئے اسٹار شاہین شاہ آفریدی بھی نیشنل ٹی ٹونٹی کپ میں بالنگ کرتے نظر آئیں گے، انہوں نے حال ہی میں وائٹلٹی بلاسٹ ٹی ٹونٹی میں ہمپشائر کی نمائندگی کرتے ہوئے ایک میچ میں چھ وکٹیں حاصل کی تھیں۔

ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 میں کراچی کنگز کی نمائندگی کرنے والیفاسٹ بالر ارشد اقبال کو بھی عبدالرزاق کی ہیڈ کوچنگ میں سیکھنے کا موقع مل رہا ہے۔اسپن بالنگ اٹیک میں خیبرپختونخوا کو لیگ اسپنر محمد محسن اور لیفٹ آرم اسپنر زوہیب خان کی خدمات حاصل ہیں۔انڈر19 کے وکٹ کیپر بیٹسمین محمد حارث بھی ایونٹ میں خیبرپختونخوا کی نمائندگی کررہے ہیں جہاں انہیں اپنی صلاحیتیں نکھارنیکا موقع ملے گا۔

سدرن پنجاب:شان مسعود کی قیادت میں سدرن پنجاب کی ٹیم نوجوان اور سینئر کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ یہاں اننگز کے آغاز میں شان مسعود کا ساتھ ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 میں ملتان سلطانز کے اسکواڈ میں ان کے ساتھی وکٹ کیپر بیٹسمین ذیشان اشرف دیں گے۔ گزشتہ سال ذیشان اشرف نیشنل ٹی ٹونٹی کپ سیکنڈ الیون کے ٹاپ اسکورر تھے۔ اسی کارکردگی کی بنیاد پر انہیں ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 میں وائلڈ کارڈ کیٹیگری کے ذریعے پک کیا گیا تھا۔

سدرن پنجاب کی مڈل آرڈر بیٹنگ لائن اپ میں حسین طلعت، خوشدل شاہ اور صہیب مقصود جیسے ہارڈ ہٹر بیٹسمین موجود ہیں۔ خصوصا خوشدل شاہ اور صہیب مقصود کی وجہ شہرت ان کی چھکے جڑنے کی صلاحیت ہے۔ سدرن پنجاب کو آلرانڈر عامر یامین اور بلاول بھٹی کے ساتھ ساتھ بائیں ہاتھ کے فاسٹ بالر راحت علی اوردراز قد محمد عرفان کی خدمات حاصل ہوں گی۔پاکستان کے تجربہ کارفاسٹ بالرمحمد عباس اور نوجوان کرکٹر محمد الیاس بھی سدرن پنجاب کی شرٹ زیب تن کیے میدان میں اتریں گے۔

اسپن بالنگ کے شعبے میں نوجوان عمر خان اور لیگ اسپنر زاہد محمود بھی میدان میں کپتان شان مسعود کی کال کا انتظار کریں گے۔ اسکواڈز: خیبرپختونخوا:محمد رضوان ( کپتان، وکٹ کیپر)، جنید خان ، ارشد اقبال، آصف آفریدی، فخر زمان، افتخار احمد، عمران خان سینئر، محمد حفیظ، محمد حارث، محمد محسن، صاحبزادہ فرحان، شاہین شاہ آفریدی، شعیب ملک، عثمان خان شنواری، وہاب ریاض اور ذوہیب خان۔

اسپورٹ اسٹاف،فرخ زمان(منیجر)، عبدلرزاق (ہیڈ کوچ)، آفتاب خان(اسسٹنٹ کوچ)، عمران اللہ (ٹرینر)، ریحان خالد (فزیو) اور ولید احمد (اینالسٹ)سدرن پنجاب:شان مسعود(کپتان)، حسین طلعت ،عامر یامین، علی شفیق، بلاول بھٹی، خوشدل، محمد عباس، محمد الیاس، محمد عرفان، راحت علی، سیف بدر، صہیب مقصود، عمر خان، عمر صدیق ، زاہد محمود، اور ذیشان اشرف (وکٹ کیپر)۔اسپورٹ اسٹاف،شاہد بٹ (مینجر)، عبدالر حمن (ہیڈ کوچ)، اعزاز چیمہ (اسسٹنٹ کوچ)، خواجہ روحیل علی (ٹرینر)، محمد طیب (فزیواینالسٹ) شامل ہیں۔
وقت اشاعت : 28/09/2020 - 18:05:20

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :