فنڈز کی عدم فراہمی کے باعث قومی ٹیم چار بڑے ایونٹ میں شرکت نہیں کر سکی،عماد شکیل بٹ

فنڈز اور سہولیات کی عدم فراہمی کے باعث قومی ٹیم ورلڈ رینکنگ میں 17ویں نمبر پر چلی گئی ہے، وزیر اعظم ہاکی کے فروغ کیلئے فوری فنڈز فراہم کریں،وائس کیپٹن قومی ہاکی ٹیم

پیر 28 ستمبر 2020 21:40

فنڈز کی عدم فراہمی کے باعث قومی ٹیم چار بڑے ایونٹ میں شرکت نہیں کر سکی،عماد شکیل بٹ
حافظ آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 ستمبر2020ء) قومی ہاکی ٹیم کے وائس کیپٹن عماد شکیل بٹ کا کہنا ہے کہ فنڈز کی عدم فراہمی کے باعث قومی ٹیم چار بڑے ایونٹ میں شرکت نہیں کر سکی۔ فنڈز اور سہولیات کی عدم فراہمی کے باعث قومی ٹیم ورلڈ رینکنگ میں 17ویں نمبر پر چلی گئی ہے۔ وزیر اعظم ہاکی کے فروغ کے لیے فوری فنڈز فراہم کریں۔ آرمی چیف کی طرف سے قومی ٹیم کے لیے فنڈز فراہم کیے گئے جس پر ہم انکا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

حافظ آباد میں ہاکی میچ سے قبل میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے قومی ہاکی ٹیم کے کپتان عماد شکیل بٹ کا کہنا تھا کہ پاکستان کا چار بار ورلڈ کپ جیت کر ایک ریکارڈ قائم کیا جسے ابھی تک کوئی بھی نہیں توڑ سکا لیکن افسوس کہ دُنیا کی نمبر ایک ٹیم اب 17ویں نمبر پر ہے جس کی بڑی وجہ قومی ٹیم کے لیے فنڈز کی عدم دستیابی ہے۔

(جاری ہے)

اُن کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان خود بھی ایک کھلاڑی ہیں اور ملک میں کھیلوں کے فروغ کا ویژن رکھتے ہیں۔

ان سے گزارش ہے کہ ہاکی کے فروغ کے لیے فوری فنڈز فراہم کریں تاکہ کھلاڑی اپنی محنت جاری رکھتے ہوئے دُنیائے ہاکی میں اپنا کھویا ہوا مقام واپس لا سکیں۔اُنہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن ملک بھر میں ہاکی کے فروغ اور ٹیم کی ورلڈ رینکنگ میں بہتری کے لیے کام کر رہی ہے۔ ہمیں اُمید ہے کہ ہم کم بیک کرتے ہوئے بہت جلد دُنیا کی ٹاپ ٹین ٹیموں میں شامل ہو جائیں گے،قومی ٹیم میں اس وقت نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑی مووجود ہیں ،ہماری کوشش ہو گی کہ ہم قوم کی امیدوں پر پورا اترتے ہوئے پاکستانی ہاکی کا کھویا ہویا مقام دوبارہ سے حاصل کریں۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ ہاکی کے فروغ کے لیے گراس روٹ لیول میں بہتری لانا ہو گی۔سکول ، کالج اور کلب کی سطح پر کھلاڑیوں کو ٹریننگ دے کر اُن کی صلاحیتوں کو نکھارنا ہو گا تاکہ وہ پاکستان کا نام روشن کر سکیں۔
وقت اشاعت : 28/09/2020 - 21:40:46

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :