گورنر ز کپ‘ اسٹیٹ بینک نے سلک بینک کو باآسانی زیر کرلیا

بدھ 5 فروری 2014 15:19

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 5 فروری 2014ء) اسٹیٹ بینک اسپورٹس کمیٹی کے زیر اہتمام جاری 12ویں اسٹیٹ بینک گورنرز کپ انٹر بینک کرکٹ ٹورنامنٹ 2014میں اسٹیٹ بینک، برج بینک، البرقا بینک اور یونائیٹڈ بینک نے بالترتیب سلک بینک، مائکروفنانس ، این آئی بی اور نیشنل بینک کو شکست پر مجبور کردیا۔ اسٹیٹ بینک کرکٹ گراوٴنڈ نارتھ ناظم آباد پر میزبان اسٹیٹ بینک کو گروپ ’سی‘ میں مسلسل دوسری کامیابی حاصل ہوئی جب انہوں نے سلک بینک کو 8وکٹوں سے ٹھکانے لگایا۔

سلک بینک نے پہلے کھیلنے کا فیصلہ کرتے ہوئے مقررہ 20اوورز میں 9وکٹوں پر 131رنز کا مجموعہ حاصل کیا۔ ثقلین پاشا نے 34، عتیق بھٹی 25اورعثمان عطا 19رنز ہی دہرے ہندسے کو عبور کرسکے۔محمدخالد نے 3اورعارف خان نے 2کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا۔

(جاری ہے)

مطلوبہ ہدف 14.2اوورز میں 2وکٹوں پر حاصل کرلیاگیا۔صفر پر پہلی وکٹ گرنے کے بعد اعجاز شاہ اورزہیب علی نے 94رنز کی رفاقت قائم کرکے فتح کے حصول کو آسان بنادیا۔

اعجاز شاہ 55رنز بنا کر آوٴٹ ہوئے جبکہ زہیب علی 51اورعمیر امتیاز 15رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔سلمان احمد اور آصف فاروق ایک ایک وکٹ اپنے نام کرنے میں کامیاب رہے۔اسی گروپ میں برج بینک کو فرسٹ مائیکرو فنانس بینک پر 37رنز کی برتری حاصل کی۔یوبی ایل کمپلیکس پر برج بینک نے پہلے کھیلتے ہوئے 19.2اوورز میں 124رنز تمام وکٹوں پر حاصل کئے۔ بلال منیر 71رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے اورخرم شہزاد 13رنز بناسکے دیگر کوئی کھلاڑی ڈبل فیگر میں داخل نہ ہوسکا۔

شمس اور امجد کو 2,2وکٹ ملیں۔مائیکرو فنانس کی ٹیم 16.3اوورزمیں 87رنز پر ڈھیر ہوگئی۔سرفراز 19،امجد اور امین رحیم 17,17اورعمران نے11رنز اسکور کئے۔گروپ ’اے‘ میں البرکابینک نے این آئی بی کو شکست دے کر دوسری کامیابی حاصل کی ۔ البرکا بینک کے 218رنز کے جواب میں این آئی بی بینک کی پوری ٹیم 81رنز پر ہمت ہارگئی۔البرکا بینک نے پہلے بیٹنگ کی۔ شعیب یوسف نے 82،اسد بٹ نے67اورظفر رضا نے 19رنز مقررہ 20اوورز میں اسکور کئے۔

فہد خان ، دانش کلیم اورمحمد ذیشان کے ہاتھ ایک ایک وکٹ لگی۔این آئی بی بینک کی بیٹنگ لائن اپ 16.4اوورز میں 81رنز پر زمیں بوس ہوگئی۔عابد صدیقی 26، محمد ذیشان 16اورمبشر خان 10رنز نے دہرے ہندسے کو پار کیا۔سجاد مرزا نے 4اوراسد بٹ نے 3شکار کئے۔یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس پر گروپ ’ڈی‘ میں یوبی ایل نے ہوم گراوٴنڈ کا بھرپور فائدہ اٹھایا اورنیشنل بینک کو 7وکٹوں سے مات دی۔

نیشنل بینک نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 3وکٹوں پر 165رنز اسکوربورڈ پر سجائے۔عمران جاوید 53،دانش عزیز 45، سعید آزاد 32اوراطہر لیئق نے 21رنز اسکورکئے۔ سلمان علی اور شیراز علی نے ایک ایک کھلاڑیوں کو میدان سے رخصت کیا۔ یوبی ایل نے جوابی بیٹنگ کے دوران مطلوبہ ہدف 16.5اوورز میں 3وکٹوں پر حاصل کرلیا۔ انعقاص علی نے ایک بار پھر عمدہ بیٹنگ کی اور 64رنز اپنے کھاتے میں درج کرائے۔ عدنان صدیقی نے ناقابل شکست 47اورتنویر علی 28رنز بنانے میں کامیاب رہے۔ عمیر الحق اور عمران داد نے ایک ایک وکٹ پر ہاتھ صاف کیا۔ایمپائرز ریاض الدین، خالد محمودمحمد حنیف قادری، محمد اسلم جبکہ اسکورر ندیم اختر اور راشد اسلم تھے۔

وقت اشاعت : 05/02/2014 - 15:19:54

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :