پاکستان سپورٹس بورڈ کے تعاون سے ایک روزہ صحت اور کوچز کی قائدانہ صلاحیتوں پر سیمینار

منگل 13 اکتوبر 2020 17:50

پاکستان سپورٹس بورڈ کے تعاون سے ایک روزہ صحت اور کوچز کی قائدانہ صلاحیتوں پر سیمینار
اسلام آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2020ء) : سروسز سپورٹس بورڈ کے زیراہتمام اور پاکستان سپورٹس بورڈ کے تعاون سے ایک روزہ صحت اور کوچز کی قائدانہ صلاحیتوں پر ایک سیمینار پاکستان سپورٹس بورڈ کے جناح ہال میں منعقد ہوا۔ سیمینار میں مختلف کھیلوں کے سو سے زائد کوچز، کھلاڑیوں اور آفیشلز نے شرکت کی۔ یہ ایک روزہ سیمینار وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ اور صدر پاکستان سپورٹس بورڈ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کی خصوصی ہدایت پر منعقد کیا گیا تھا۔

سیمینار کے شرکا کو مقررین نے مختلف موضوعات پر لیکچرز دیئے جن میں کھلاڑیوں کی خوراک، کارکردگی کو بہتر بنانے اور بڑھانے، غیر ممنوعہ ادویات کے استعمال کے نقصانات، لیڈر شپ، کوچنگ اور قائدانہ صلاحیتوں کے حوالے کے علاوہ مختلف امور پر لیکچر دیئے۔

(جاری ہے)

مقررین میں ڈاکٹر ظفر اقبال، میجر (ر) عامر بلال، لیفٹیننٹ کرنل شبیر انجم، کرنل (ر) احمد نواز اور شاہد اسلام شامل ہیں۔

اس موقع پر میجر (ر) عامر بلال نے لیڈر شپ، کوچنگ اور قائدانہ صلاحیتوں کے حوالہ سے لیکچر دیتے ہوئے کہا کہ کوچز نے خود میدان میں نہیں اترنا بلکہ انہوں نے کھلاڑیوں کو میدان میں اترنا ہوتا ہے، کوچز کے پاس کھیل کا علم اور تجربہ ہونا چاہئے اور وہ لیڈر ہے۔ کوچز کو کھیل کے پورے قوانین کے حوالے سے معلومات ہونی چاہئے اور کھلاڑیوں کی خوراک کا خاص رکھا جانا چاہئے۔

اس موقع پر ڈاکٹر محمد ظفر اقبال نے کھلاڑیوں کی ذہنی نشوونما، ان کی کارکردگی کو بڑھانے کے حوالے روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ہاں وہ سہولیات نہیں جو کہ غیرملکی کھلاڑیوں کے پاس ہیں۔ سیمینار میں کوچز/کھلاڑیوں کے لئے تجربہ کار مقامی اور بین الاقوامی پیشہ ور افراد سے استفادہ کرنے کا ایک بہت بڑا موقع فراہم کیا گیا ہے۔ بین الاقوامی سطح پر مسابقتی فائدہ حاصل کرنے کے لئے کھلاڑیوں کی ذہنی صحت اور تندرستی کی اہمیت کو سمجھنے کے لئے ایسے سیمینارز وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اس سیمینار میں آرمی، نیوی، پی اے ایف اور اتھلیٹکس،سکواش اور ٹینس کے دیگر مرد اور خواتین کوچ نے شرکت کی۔
وقت اشاعت : 13/10/2020 - 17:50:13

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :