ہمارا اگلا ہدف ورلڈ کپ کیلئے متحدہ عرب امارات کی ایک مضبوط ٹیم تیار کرنا ہے ، عاقب جاوید

پیر 10 فروری 2014 13:24

دبئی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10فروری 2014ء)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق بولر اور یو اے ای کی کرکٹ ٹیم کے کوچ عاقب جاوید نے کہاہے کہ ان کا اگلا ہدف ورلڈ کپ کیلئے متحدہ عرب امارات کی ایک مضبوط ٹیم تیار کرنا ہے ۔غیر ملکی میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ جب انہوں نے بطور کوچ یو اے ای کی کرکٹ کا چارچ سنبھالا تو وہ یہ سمجھتے تھے کہ وہ اس ٹیم میں 30 سے 40 فیصد بہتری لاسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

اس کے بعد انہوں نے اپنے منصوبے پر کام شروع کیا اور کھلاڑیوں کو تربیت دینا شروع کردی ۔ انہوں نے کہاکہ مجھے ابتدائی طور پر کھلاڑیوں کی کارکردگی میں کافی بہتری نظر آئی اور مجھے یقین ہوگیا کہ یہ ٹیم آگے بڑھ سکتی ہے ۔عاقب جاوید نے کہاکہ ان کی محنت رنگ لے آئی اور یو اے ای کی ٹیم نے 2015 میں کھیلے جانے والے ورلڈ کپ اور رواں سال بنگلہ دیش میں شیڈول ٹوئنٹی 20 کرکٹ ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کرلیا-

وقت اشاعت : 10/02/2014 - 13:24:10