وزیراعظم اور کرکٹ بورڈ کے سرپرست اعلیٰ نواز شریف نے پی سی بی کا گورننگ بورڈ تحلیل کر دیا ،بورڈ کے چیئرمین کے عہدے سے ہٹادیا گیا ، کرکٹ بورڈ کے امور چلانے کیلئے 11 رکنی عبوری کمیٹی قائم ، ذکاء اشرف بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی جگ ہنسائی کا سبب بنے ، پاکستان کا موقف صحیح طورپر پیش نہیں کر سکے ، شکیل شیخ ،کرکٹ بورڈ جیسے باوقار ادارے کو سیاست کی نظر کیے جانا افسوسناک ہے ، ذکاء اشرف ،نوٹیفکیشن ملنے کے بعد عدالت جانے کا فیصلہ کروں گا، سابق چیئر مین پی سی بی ۔ تفصیلی خبر

پیر 10 فروری 2014 18:51

اسلام آباد/لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10 فروری ۔2014ء) وزیراعظم اور کرکٹ بورڈ کے سرپرست اعلیٰ میاں محمد نواز شریف نے پی سی بی کا گورننگ بورڈ تحلیل کر دیا جسکے نتیجے میں ذکا ء اشرف کو پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کے عہدے سے ہٹادیا گیا ، کرکٹ بورڈ کے امور چلانے کیلئے 11 رکنی عبوری کمیٹی قائم کردی گئی ۔ پیر کو بین الصوبائی رابطے کی وزارت کے قانونی مشیر نے نوٹیفکیشن جاری کیے جانے کی تصدیق کر دی تاہم ذکا ء اشرف کو ہٹائے جانے کی باضابطہ وجہ نہیں بتائی گئی ہے بنائی گئی گیارہ رکنی کمیٹی ایڈہاک کمیٹی کے چیئرمین کاانتخاب کریگی کمیٹی میں شہریار خان، نجم سیٹھی، ظہیر عباس، نوید اکرم، شکیل شیخ، اقبال قاسم، ظہیر عباس ،یوسف کھوکھر، عامر طارق زمان شامل ہیں۔

عبوری کمیٹی میں شامل کیے جانے والے شکیل شیخ نے بتایا کہ ذکاء اشرف بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی جگ ہنسائی کا سبب بنے وہ بگ تھری کے معاملے پر پاکستان کا موقف صحیح طور پر پیش نہیں کرسکے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے قواعد وضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے تقرریاں کیں۔انہوں نے کہاکہ چند روز میں ذکا اشرف کے خلاف وائٹ پیپر جاری کیا جائیگا جس میں ان کے خلاف مبینہ طور پر مالی بے ضابطگیوں کی تفصیل بھی ہوگی۔

ذکا ء اشرف کو ان کے عہدے سے ہٹایا جانا غیرمتوقع نہیں ادھر سابق چیئرمین پی سی بی ذکا اشرف نے اس اقدام پر انتہائی افسوس اور ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ بورڈ جیسے باوقار ادارے کو سیاست کی نظر کیے جانا افسوسناک ہے،انھوں نے کہا کہ مجھے باضابطہ طور پر آگاہ نہیں کیا گیا،نوٹیفکیشن ملنے کے بعد عدالت جانے کا فیصلہ کروں گا،انھوں نے کہا کہ دیکھنا ہو گا کہ حکومتی مداخلت پر آئی سی سی کا ردعمل کیا آتا ہے۔

بی بی سی کے مطابق آئی سی سی کے منظور شدہ آئین کے تحت خود کو چار سال کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ کا چیئرمین منتخب کرانے کے بعد سے وہ مشکل میں گھرے ہوئے تھے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے ان کے انتخاب کو کالعدم قرار دیدیا تھا جس کے بعد حکومت نے نجم سیٹھی کو کرکٹ بورڈ کی باگ ڈور سونپ دی تھی تاہم بعد میں اسلام آباد ہائی کورٹ کی ڈویژن بنچ نے ذکا اشرف کو ان کے عہدے پر بحال کر دیا تھا۔

حکومت نے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا بعد میں درخواست واپس لے لی تھی جس کے بعد اس بات کے امکانات روشن ہوگئے تھے کہ حکومت خود ہی ذکا ء اشرف کو ان کے عہدے سے ہٹادے گی۔ذکااشرف کو ہٹائے جانے کے لیے حکومت آئی سی سی کے اجلاس کا انتظار کر رہی تھی جس میں ذکا اشرف شرکت کے لیے سنگاپور گئے تھے اور وہ پیر کی علی الصبح ہی وطن واپس پہنچے تھے اور وہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے نئے کوچ کا اعلان بھی کرنے والے تھے۔

وقت اشاعت : 10/02/2014 - 18:51:09

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :