صہیب مقصود کی دھواں دھار اننگز نے سدرن پنجاب کو سیمی فائنل میں پہنچا دیا

ہفتہ 17 اکتوبر 2020 12:35

صہیب مقصود کی دھواں دھار اننگز نے سدرن پنجاب کو سیمی فائنل میں پہنچا دیا
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2020ء) : نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کے آخری لیگ میچ میں سدرن پنجاب نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے بلوچستان کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔فاتح ٹیم نے 162 رنز کا مطلوبہ ہدف 10.4 اوورز میں حاصل کرکے بہتر رن ریٹ کی بنیاد پر ایونٹ کے سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔ ایونٹ کا پہلا سیمی فائنل 17 اکتوبر کی سہ پہر 3 بجے ناردرن اور سدرن پنجاب کے درمیان کھیلا جائے گا۔

ہفتے کی شام ساڑھے 7 بجے شروع ہونے والے دوسرے سیمی فائنل میں خیبرپختونخوا اور سندھ کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔ایونٹ کے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرنے کے لیے سدرن پنجاب کو 162 رنز کا ہدف محض 12.3 اوورز میں عبور کرنا تھا جو انہوں نے اوپنر صہیب مقصود کی 29 گیندوں پر 81 رنز کی دھواں دھار اننگز کی بدولت محض 10.4 اوورز میں حاصل کرلیا۔

(جاری ہے)

دائیں ہاتھ کے اوپنر کی اننگز میں 4 چھکے اور 13 چوکے شامل تھے۔

وکٹ کیپر ذیشان اشرف کے 10 گیندوں پر21 رنزکی بدولت دونوں کھلاڑیوں نے فاتح ٹیم کو 87 رنز کا جارحانہ آغاز فراہم کیا، جس کے بعد عامر یامین نے 9 گیندوں پر 33 رنز کی ناقابل شکست اننگزکھیل کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کردیا۔بلوچستان کے عماد بٹ نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ اس سے قبل بلوچستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو سودمند ثابت نہ ہوسکا۔

ایک کے انفرادی سکور پر اوپنر اویس ضیائ کے پویلین واپس لوٹنے پر امام الحق نے وکٹ کیپر بیٹسمین بسم اللہ خان کے ہمراہ دوسری وکٹ کے لیے 69 رنزجوڑ کر ٹیم کو سنبھالادینے کی کوشش کی تاہم امام الحق 48 اور بسم اللہ خان 41 رنز بناکر آؤٹ ہوئے تو بلوچستان کا اسکور بورڈ پربڑا مجموعہ سجانے کا خواب بھی چکنا چور ہوگیا اور ان کی ٹیم مقررہ بیس اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان 161 رنز ہی بناسکی۔

اکبرالرحمٰن 21 گیندوں پر 37 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ محمد عمران نے 34 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔میچ کی خاص بات تجربہ کار آلراؤنڈر عمر گل کی ہر قسم کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرناتھا۔ بلوچستان کی ٹیم میچ میں شکست کے باعث عمر گل کو فاتحانہ فیئرویل دینے میں کامیاب نہ ہوسکی۔ فاسٹ باؤلر نے اپنے کرکٹ کیرئیر میں 47 ٹیسٹ، 130 ایک روزہ انٹرنیشنل میچز اور 60 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی۔ میچ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر صہیب مقصود کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔
وقت اشاعت : 17/10/2020 - 12:35:59

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :