آزادی کشمیر ٹین پن بائولنگ چمپئن شپ 25 اکتوبر سے کھیلی جائیگی

چمپئن شپ کا افتتاح جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک کریں گی

منگل 20 اکتوبر 2020 15:03

آزادی کشمیر ٹین پن بائولنگ چمپئن شپ 25 اکتوبر سے کھیلی جائیگی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2020ء) پاکستان ٹین پن بائولنگ فیڈریشن کے زیر اہتمام آزادی کشمیر ٹین پن بائولنگ چمپئن شپ 25 اکتوبر لیڑر سٹی بائولنگ کلب جناح پارک راولپنڈی میں کھیلا جائیگا۔ چمپئن شپ کا افتتاح جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک کریں گی۔ گذشتہ روز پاکستان ٹین پن بائولنگ فیڈریشن کے صدر اعجاز الرحمن نے بتایا کہ ٹورنامنٹ کی تیاریاں ابھی سے شروع کردی گئیں اور ٹورنامنٹ میں ملک بھر سے کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ ٹورنامنٹ میں نو مختلف کیٹگریز کے مقابلے رکھے گئے ہیں جن میں مینز سنگلز ، مینزڈبلز، لیڈیز سنگلز، ایمچور، ڈیف ، ٹیم ،انٹر یونیورسٹی ، انٹر سکول اورمیڈیا کیٹگریز کے مقابلے شامل ہیں، ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل مقابلے 29 اکتوبر کو جبکہ فائنل مقابلے 30 اکتوبر کو کھیلے جائیں گے، ٹورنامنٹ کے اختتام پر کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس کے باعث کھیلوں اورکھلاڑیوں کا بہت نقصان ہوا ہے جس کمی کو پورا کرنے کے کھلاڑیوں کو سخت سے سخت محنت کرنے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگر کھلاڑی دل لگا کر محنت کریں تو اس کمی کو پورا کیا جا سکتا ہے، اعجاز الرحمن نے کہاکہ آزادی کپ ٹین پن بائولنگ ٹورنامنٹ میں شرکت کے لئے کھلاڑیوں کی رجسٹریشن کھول دی گئی اور ٹورنامنٹ میں شرکت کی خواہش رکھنے والے ملک بھر سے کھلاڑی اپنی اپنی رجسٹریشن آن لائن کروا سکتے ہیںاور مزید معلومات کے لئے پاکستان ٹین پن بائولنگ فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل محمد حسین چٹھہ سے رابطہ قائم کیا جاسکتا ہے۔
وقت اشاعت : 20/10/2020 - 15:03:55

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :