کورونا اور ڈینگی سے بچائو کے لئے بہت زیادہ احتیاط کرنا ہوگی‘ ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ

معاشرے کے ہر فرد کا فرض ہے کہ وہ اس معاملے میں اپنا کردار ادا کرے،ڈینگی سے بچائو کیلئے ہمیں اپنے ارد گرد کے ماحول کو صاف رکھنا ہوگا سپورٹس بورڈ پنجاب نے ڈینگی اور کورونا وائرس سے بچائو کے لئے بہترین اقدامات کئے ہیں، ہمیںہر شعبہ زندگی میں آگاہی دینا ہوگی تھوڑی سی احتیاط سے زندگی محفوظ بنائی جاسکتی ہے، مضبوط قوت مدافعت سے کورونا وائرس کو بآسانی شکست دی جاسکتی ہے،ڈاکٹر جمشید چیمہ

بدھ 21 اکتوبر 2020 17:30

کورونا اور ڈینگی سے بچائو کے لئے بہت زیادہ احتیاط کرنا ہوگی‘ ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اکتوبر2020ء) ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے کہا ہے کہ کورونا وائرس عالمی وباء ہے جس سے بچنے کیلئے بہت زیادہ احتیاط کی ضرورت ہے،معاشرے کے ہر فرد کا فرض ہے کہ وہ اس معاملے میں اپنا کردار ادا کرے،ڈینگی سے بچائو کیلئے ہمیں اپنے ارد گرد کے ماحول کو صاف رکھنا ہوگا۔ای لائبریری میں یوتھ افیئرز اینڈ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے زیراہتمام کورونا وائرس اور ڈینگی سے بچائو کے لئے آگاہی سیمینار منعقد ہوا،ڈاکٹر جمشید احمد چیمہ، ڈائریکٹر سپورٹس محمد حفیظ بھٹی،ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ رئوف باجوہ، ڈپٹی ڈائریکٹر سپورٹس چاند پروین ،اسسٹنٹ ڈائریکٹر ناصر ملک، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر تنویر شاہ و دیگر نے خطاب کیا۔

ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشاد اولکھ نے کہا کہ سپورٹس بورڈ پنجاب نے ڈینگی اور کورونا وائرس سے بچائو کے لئے بہترین اقدامات کئے ہیں، ہمیں وائرس سے محفوظ رہنے کے لئے ہر شعبہ زندگی میں اس حوالے سے آگاہی دینا ہوگی اور بچائو کے لئے حفاظتی تدابیر اپنانا ہونگی، سیمینار کے انعقاد کا مقصد عوام کو کورونا وائرس اور ڈینگی سے بچائو کے لئے آگاہی دینا ہے جس میں شعبہ طب کے ماہرین نے بھی لیکچر دیا ہے، سپورٹس بورڈ پنجاب نے کورونا وباء کے دوران ایس او پیز پر مکمل طور پر عمل کیا، سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر جمشید احمد چیمہ نے پروجیکٹر پر سلائیڈز کی مدد سے کورونا وائرس کے بارے میں حاضرین کو آگاہی دی، انہوں نے کہا کہ معاشرے کے ہر فرد کو اس وائرس سے بچنے کے لئے حفاظتی اقدامات کرنا ہونگے، تھوڑی سی احتیاط سے زندگی محفوظ بنائی جاسکتی ہے، مضبوط قوت مدافعت سے کورونا وائرس کو بآسانی شکست دی جاسکتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جس شخص میں کورونا وائرس کا انکشاف ہو اسے فوری طور پر قرنطینہ کردیا جائے، ان کے کپڑے بھی الگ رکھیں جائیں، ان حالات میں ماسک کا استعمال کورونا سے بچائو میں بہت مدد دیتا ہے، ہاتھوں کو صابں سے اچھی طرح دھویا جائے اور سنیٹائزر استعمال کیا جائے،ڈائریکٹر سپورٹس محمد حفیظ بھٹی نے اپنے خطاب میں کہاکہ سپورٹس بورڈ پنجاب نے کورونا وائرس سے بچائو کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے، سپورٹس کی سرگرمیوں کو فوری طور پرمعطل کردیا گیا، سماجی فاصلے کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے اس پر سختی سے عمل کیا گیا جس سے کورونا وائرس کے پھیلائو روکنے میں مدد ملی، ڈینگی کے خاتمے کے لئے تمام مقامات پر سپرے کرائے گئے ہیں، ڈینگی سے بچائو کے لئے صفائی کو اہمیت دینا ہوگی، گھروں، دفاتر میں پانی کھڑا نہ ہونے دیا جائے، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر تنویر شاہ نے کہا کہ انسانی جان کے لئے مچھر بہت زیادہ نقصان ہے، ڈینگی مچھر کی افزائش کو روکنے کے لئے پانی جمع نہ ہونے دیں، کورونا سے بچائو کے لئے کھلاڑیوں سے ایس او پیز پر سختی سے عمل کرارہے ہیں۔

وقت اشاعت : 21/10/2020 - 17:30:10

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :