باکسر عامر خان نے پاکستانی سیاست میں ’انٹری‘ سے معذرت کرلی

پاکستان کو عمران خان جیسی عظیم شخصیت بہت اچھی طرح سے چلا رہے ہیں یہ ان ہی کا کام ہے اور ہم سب کو ان پر بہت اعتماد ہے ، برطانوی نژاد پاکستانی باکسر کا ٹوئٹ

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 22 اکتوبر 2020 12:29

باکسر عامر خان نے پاکستانی سیاست میں ’انٹری‘ سے معذرت کرلی
لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 اکتوبر2020ء) برطانوی نژاد پاکستانی باکسر عامر خان نے سیاست میں آنے سے معذرت کرلی۔ تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے اپنے ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ اپنی مشورتی ٹیم سے بات کرنے کے بعد سیاست میں انٹری کی پیش کش سے معذرت کرتا ہوں ، پاکستان کو عمران خان جیسی عظیم شخصیت بہت اچھی طرح سے چلا رہے ہیں یہ ان ہی کا کام ہے اور ہم سب کو ان پر بہت اعتماد ہے ، میں اہنی فلاحی تنظیم عامر خان فاونڈیشن کے تحت برطانیہ ، پاکستان اور دیگر دنیا میں فلاح عامہ کے کاموں کو ترجیح دیتا رہوں گا۔

اس ضمن میں قابل ذکر بات یہ ہے کہ چند روز قبل برطانوی باکسر عامر خان نے پاکستانی سیاست میں حصہ لینے کا عندیہ دیاتھا ، جس کے بارے میں سماجی پلیٹ فارم ’فیس بک‘ پر جاری کی گئی ایک پوسٹ میں پاکستانی نژاد برطانوی باکسر نے لکھا کہ مجھ سے متعدد بار پوچھا گیا کیا میں پاکستانی سیاست میں شامل ہوتا ہوں؟ سپورٹس مین ہونے کے ناطے اور ملک کا سفیر ہونے کے ناطے مجھے یہ بتاتے ہوئے فخر ہوگا کہ میں سیاست میں حصہ لوں گا ، کیوں کہ اس طرح سے درحقیقت میں پاکستان کی خدمت کرنا پسند کروں گا ، پاکستان کو ایک بہتر جگہ بنانا اور بہت سے علاقوں میں بڑے پیمانے پر مددگار بننا پسند کروں گا جیسا کہ کھیل ، تعلیم ، بچوں کو مزدوری سے روکنا اور بہت سی دیگر چیزیں بھی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

عامر خان نے لکھا کہ ہم سب ایک دن اس دنیا سے رخصت ہوجائیں گے لیکن جب تک زندہ ہیں، ہمیں دوسروں کے لیے کام کرتے رہنا چاہیئے ، میں نے متعدد سیاستدانوں اور فوج کے جرنیلوں کے ساتھ ملک کے موضوعات پر اتفاق رائے اور اختلاف بھی کیا ، میرا دل صاف اور میں پاکستان کی بھلائی چاہتا ہوں ، تاہم یہ دیکھنا ہوگا کہ معاملات کیسے ختم ہوتے ہیں ، جب کہ میرے ایک پرانے ساتھی اور فلپائن کے ورلڈ چیمپئن باکسر مانی پکاوائو بھی سیاست میں شامل ہوئے اور میں یہ دیکھ رہا ہوں کہ انہوں نے اپنے ملک کے لئے کتنے عظیم کام کیے اور مجھے علم ہے کہ پاکستان کے لیے میں بھی یہی کرسکتا ہوں تاہم یہ بہت بڑا فیصلہ ہوگا، جس کے بارے میں ایک دن اس پر غور کرسکتا ہوں ، میں اپنے مداحوں سے پوچھنا چاہوں گا کہ ان کا اس بارے میں کیا خیال ہے۔

وقت اشاعت : 22/10/2020 - 12:29:46

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :