ٹیسٹ کپتان کی ممکنہ تبدیلی ، انضمام الحق کی کرکٹ بورڈ پر شدید تنقید

ٹیسٹ ٹیم کے کپتان کی تبدیلی کا عندیہ دے کر انتشار پھیلانے کی کوشش کی گئی ، جو ٹیم میں پھوٹ ڈالنے کے مترادف ہے ، سابق کپتان کی یوٹیوب چینل پر گفتگو

Sajid Ali ساجد علی پیر 26 اکتوبر 2020 17:17

ٹیسٹ کپتان کی ممکنہ تبدیلی ، انضمام الحق کی کرکٹ بورڈ پر شدید تنقید
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 اکتوبر2020ء) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور سابق چیف سلیکٹر انضمام الحق نے ٹیسٹ کپتان کی ممکنہ تبدیلی کے حوالے سے خبروں پر پی سی بی کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔ تفصیلات کے مطابق اپنے یوٹیوب چینل پر سابق قومی بلے باز انضمام الحق نے کہا کہ ٹیسٹ ٹیم کے کپتان کی تبدیلی کا عندیہ دے کر انتشار پھیلانے کی کوشش کی گئی ، جو ٹیم میں پھوٹ ڈالنے کے مترادف ہے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی طرف سے جان بوجھ کر میڈیا اور عوامی ردعمل جاننے کیلئے ایسی باتیں باہر لائی جاتی ہیں ، تاہم اس طرح کی چیزوں سے براہ راست قومی ٹیم کا ماحول خراب ہوتا ہے ، اگر پی سی بی ٹیسٹ کپتان کی تبدیلی غور کر رہا تھا تو اس بارے میں زمبابوے کے خلاف ہونے والی سیریز کے بعد بات کی جانی چاہیئے تھی۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ چند روز سے ایسی خبریں زیر گردش ہیں کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے ٹیسٹ کپتان اظہر علی کی بحثیت کپتان اور بیٹسمین کارگردگی کا ازسر نو جائرہ لینے کا فیصلہ کیا گیا ،پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کی اظہر علی سے تفصیلی ملاقات بھی ہو چکی ہے ،چئیرمین پی سی بی احسان مانی کی اظہر علی سے ملاقات ہونا باقی ہے ،ان ملاقاتوں کے بعد کارگردگی کی بنیاد پر اظہر علی کے مستقبل کا فیصلہ ہو گا ، نیوزی لینڈ کے لیے ٹیسٹ ٹیم کا اعلان نومبر کے دوسرے ہفتے میں متوقع ہے جہاں اسکواڈ کے ساتھ ہی کپتان کا بھی اعلان کیا جائے گا ، پی سی بی نے اظہر علی کو سیز 2020-21 تک ٹیسٹ ٹیم کا کپتان مقرر کیاتھا ،جب کہ اب پاکستان ٹیسٹ ٹیم کی کپتان کے لیے وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان مضبوط امیدوار سمجھے جا رہے ہیں۔

واضح رہے کہ کچھ روز قبل یہ خبر بھی سامنے آئی تھی کہ وزیراعظم عمران خان نے قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی کی کپتانی پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے انہیں تبدیل کرنے کی ہدایت کی ہے ، اس حوالے سے ذرائع کا بتانا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی کرکٹ کمیٹی کے ایک رکن سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ دورہ انگلینڈ کے دوران مانچسٹر ٹیسٹ دیکھ رہے تھے ، میچ پاکستان کے ہاتھ میں تھا پھر بھی انگلینڈ نے فتح حاصل کر لی ، جس کے بارے میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اظہر علی کی کپتانی ناقص رہی، انہیں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔
وقت اشاعت : 26/10/2020 - 17:17:20

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :