قائداعظم ٹرافی فرسٹ الیون ٹورنامنٹ کے پہلے راؤنڈ کا تیسرا روز مکمل

سدرن پنجاب نے ناردرن کو ایک اننگز اور 96 رنز سے ہرادیا، زاہد محمود کے 10 شکار

بدھ 28 اکتوبر 2020 11:43

قائداعظم ٹرافی فرسٹ الیون ٹورنامنٹ کے پہلے راؤنڈ کا تیسرا روز مکمل
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 اکتوبر2020ء) این بی پی اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں کھیلے گئے میچ میں سدرن پنجاب نے گزشتہ سال کی فائنلسٹ ناردرن کو ایک اننگز اور 96 رنز سے ہرادیا ہے۔ اسپنر زاہد محمود نے میچ میں 10 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔میچ کے تیسرے روز  تین وکٹوں کے نقصان پر 31 رنز سے اپنی دوسری اننگز کا دوبارہ آغاز کرنے والی ناردرن کی پوری ٹیم 65.1 اوورز میں 246 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔

حماد اعظم نے 79 رنز بنائے۔ پہلی اننگز میں 4 وکٹیں حاصل کرنے والے زاہد محمو دنے دوسری اننگز میں 57 رنز کے عوض 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اس سے قبل ناردرن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیاتھا تو اس کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 165 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی۔ جواب میں سدرن پنجاب نے طلعت حسین کے 253 اور کپتان شاند مسعود کے134 رنز کی بدولت 9 وکٹوں کے نقصان پر 507 رنز پر اپنی پہلی اننگز ڈکلیئر کردی تھی۔

(جاری ہے)


یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں بلوچستان اور کے پی کے درمیان میچ فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوگیا ہے۔ کے پی کو جیت کے لیے میچ کے آخری روزمزید 280 رنز جبکہ بلوچستان کو6 وکٹیں درکار ہیں۔ اس سے قبل 195 رنز کی سبقت سے اپنی دوسری اننگز کا آغاز کرنے والی بلوچستان کی ٹیم نے میچ کے تیسرے روز 8وکٹوں کے نقصان پر 217 رنز پر اپنی دوسری اننگز ڈکلیئر کردی۔

سمیع اسلم 48 اور یاسر شاہ  41رنز بناکر آؤٹ ہوئے،تیمور علی نے 41 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔پہلی اننگز میں 3 وکٹیں حاصل کرنے والے ساجد خان نے دوسری اننگز میں 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ مجموعی طور پر 413 رنز کے تعاقب میں کے پی کی دوسری اننگز بھی مشکلات کا شکار ہے اور تیسرے روز کھیل کے اختتام تک133 رنز پر اس کے 4 کھلاڑی آؤٹ ہوچکے ہیں۔ عادل امین 56 رنز بناکر ناٹ آؤٹ ہیں، کامران غلام نے 51 رنز کی اننگز کھیلی۔


نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں جاری میچ کےتیسرے روز فواد عالم کی سنچری کی بدولت سندھ نے پہلی اننگز میں سنٹرل پنجاب کے خلاف 32 رنز کی سبقت حاصل کی تاہم دن کے اختتام پر 4 وکٹوں کے نقصان پر 120 رنز بنانے والی سنٹرل پنجاب کی ٹیم کو میچ کی دوسری اننگز میں مجموعی طور پر 88 رنز کی سبقت حاصل ہوچکی ہے۔عثمان صلاح الدین 35 اور محمد سعد 26 رنز بناکر ناٹ آؤٹ ہیں۔محمد عمر اور محمد اصغر 2،2 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔ اس سے قبل سندھ کی ٹیم پہلی اننگز میں سنٹرل پنجاب کے 207 رنز کے جواب میں 239 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ فواد عالم 115 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے۔ تابش خان نے 24 رنز بنائے۔ وقاص مقصود نے 4اور حسن علی نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
وقت اشاعت : 28/10/2020 - 11:43:48

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :