اظہر علی کپتانی چھوڑ کر بلے بازی پر توجہ دیں : شعیب اختر

سینئر بیٹسمین خود کپتان نہیں بننا چاہتے تھے ،انہیں مجبور کیا گیا: سابق سپیڈ سٹار

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 28 اکتوبر 2020 13:27

اظہر علی کپتانی چھوڑ کر بلے بازی پر توجہ دیں : شعیب اختر
(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28 اکتوبر2020ء) قومی ٹیم کے سابق فاسٹ بائولر شعیب اختر نے خیال ظاہر کیا ہے کہ سینئر بلے باز اظہر علی کو پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ٹیسٹ کپتانی قبول کرنے پر مجبور کیا۔ اظہر علی کی بیٹنگ فارم پچھلے 2 سال کے دوران بے حد ناقص رہی ہے اور اس کے علاوہ انہیں اپنی کپتانی کے انداز کے باعث بھی سابق کرکٹرز کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

ایک مقامی ٹی وی پر بات کرتے ہوئے سابق سپیڈ سٹار نے اظہر علی کو مشورہ دیا کہ وہ کپتانی کے عہدے سے دستبردار ہوکر اپنی بیٹنگ فارم کی بحالی پر توجہ مرکوز کریں ۔ شعیب اختر کا کہنا تھا کہ اظہر علی کبھی بھی کپتان نہیں بننا چاہتے تھے ،ان پر یہ عہدہ قبول کرنے کے لیے دبائو ڈالا گیا تھا ، پاکستان کرکٹ بورڈ نے پہلے غیر ضروری طور پر ان پر دبائو ڈالا اور اب انہیں ہٹانے کی باتیں کی جارہی ہیں۔

(جاری ہے)

شعیب اختر کا مزید کہنا تھا کہ وہ اظہر علی کو مشورہ دیں گے کہ وہ پہلے اپنی بیٹنگ پر توجہ دیں اور اس کے بعد یہ فیصلہ کریں کہ ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی کرنا چاہتے ہیں یا نہیں، ان کے سر پر تلوار لٹکتے رہنے کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ واضح رہے کہ اظہر علی کو گذشتہ سال اکتوبر میں سری لنکا کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز میں وائٹ واش شکست کے بعد وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد کی جگہ ٹیسٹ ٹیم کا کپتان مقرر کیا تھا لیکن ڈیپارٹمنٹل ٹیموں کی بندش سے سینکڑوں کرکٹرز کے بے روزگار ہونے کے مسئلے پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے پیٹرن انچیف وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کو انہیں ٹیسٹ کپتانی سے ہٹانے کا باعث بننا قرار دیا جارہا ہے۔

اظہر علی نے قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق اور آل رائونڈر محمد حفیظ کے ہمراہ وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی تھی جسے پی سی بی کے اعلی حکام سے بالکل پسند نہیں کیا تھا۔
وقت اشاعت : 28/10/2020 - 13:27:46

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :