سپاٹ فکسنگ سکینڈل،ناصرجمشید کو ضمانت پر رہائی مل گئی

انگلینڈ سے ڈیپورٹیشن کا فوری خطرہ بھی ٹل گیا ،ڈیپورٹ کیے جانے کی صورت میں انہیں پاکستان واپس آکر کیس لڑنا پڑتا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 29 اکتوبر 2020 13:34

سپاٹ فکسنگ سکینڈل،ناصرجمشید کو ضمانت پر رہائی مل گئی
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 29اکتوبر 2020ء ) ٹیسٹ کرکٹر ناصر جمشید کو جیل سے رہائی مل گئی ، ان کے انگلینڈ سے ڈیپورٹ ہونے کا خطرہ بھی مستقبل قریب کے لیے ٹل گیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق 2017ء کے سپاٹ فکسنگ کیس کے مرکزی کردار ناصر جمشید کو 17ماہ قید کی سزا میں سے آدھی مکمل کرنے کے باوجود جیل رہائی پہلے نہیں مل سکی تھی ،31 سالہ قومی اوپننگ بلے باز برمنگھم میں مقیم ڈاکٹر اہلیہ سمارا افضال کی بدولت ملنے والے ویزے پر انگلینڈ میں رہ رہے تھے۔

برطانوی قوانین کے مطابق شہریت نہ رکھنے والے کسی شخص کو ایک سال سے زیادہ کی سزا ہونے کی صورت میں ڈیپورٹ کردیا جاتا ہے اور اسی بنیاد پر انگلینڈ کے ہوم آفس نے بھی ناصر جمشید کو ان کے مستقبل کا فیصلہ کیے جانے تک جیل میں ہی رکھنے کی ہدایت کی تھی ۔

(جاری ہے)

دریں اثناء اوپنر کے وکیل نے ان کو جیل میں رکھنے والے ہوم آفس کے کیس میں بھی ضمانت کروالی جس کے بعد انہیں رہائی ملنے کے ساتھ ساتھ فی الحال انگلینڈ میں ہی رہنے کی اجازت مل گئی، اگرچہ ہوم آفس نے 28 اکتوبر کو سماعت کے موقع پر ناصر جمشید کی ضمانت کی مخالفت کی تھی لیکن جج نے اس بنیاد پر ناصر جمشید کے حق میں فیصلہ سنایا کہ جیل میں ان کا 10 کلوگرام وزن کم ہوچکا ہے اور اس وقت نہ وہ فلائٹ رسک ہیں اور نہ کسی اور کے لیے خطرے کا باعث ہیں جس کے بعد کرکٹر کو 2 گھنٹے بعد رہا کیا گیا۔

اب وہ انگلینڈ میں رہتے ہوئے اپنا ڈیپورٹیشن کا کیس لڑ سکیں گے، ڈیپورٹ کیے جانے کی صورت میں انہیں پاکستان واپس آکر کیس لڑنا پڑتا۔
وقت اشاعت : 29/10/2020 - 13:34:07

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :