تابش خان کی قومی ٹیم میں شمولیت، اظہر علی نے گیند سلیکٹرز کے کورٹ میں ڈال دی

تابش خان کو کریڈٹ جاتا ہے کہ وہ کئی سال سے بہترین پرفارم کررہا ہے، امید ہے انہیں محنت کا صلہ ملے گا :ٹیسٹ کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 29 اکتوبر 2020 17:18

تابش خان کی قومی ٹیم میں شمولیت، اظہر علی نے گیند سلیکٹرز کے کورٹ میں ڈال دی
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 29اکتوبر 2020ء ) ٹیسٹ کپتان اظہر علی کا کہنا ہے کہ تابش خان کو قومی ٹیم میں شامل کرنا سلیکٹرز پر منحصر ہے ۔ ورچوئل پریس کانفرنس میں اظہر علی کا کہنا تھا کہ وہ میڈیا میں ہی اپنی کپتانی کے حوالے سے باتیں سن رہے ہیں اور ان سے ابھی تک پی سی بی حکام نے اس حوالے سے کوئی ملاقات نہیں کی ہے ۔ ان کا کہنا تھا وہ ایسی چیزوں کے بارے میں سوچنے کی بجائے اپنے کھیل پر توجہ مرکوز رکھتے ہیں،ایک بار جب آسٹریلیا کے دورے پر تھے اور اس قسم کی بات چیت شروع ہوگئی تھی، اس بارے میں جب کرکٹ بورڈ کی جانب سے کوئی خبر سامنے آئے تبھی اس کا حل نکالنے کی کوشش کی جانی چاہیئے، ابھی کیوں کہ اس موضوع پر پی سی بی نے ان سے کوئی رابطہ نہیں کیا اس لیے ان کا تبصرہ کرنا بھی عجیب لگے گا ۔

(جاری ہے)

قائداعظم ٹرافی میں سینٹرل پنجاب کو سندھ کے ہاتھوں شکست کے بارے پوچھے جانے والے سوال پر اظہر علی کا کہنا تھا کہ گزشتہ سیزن میں بھی ہم نے زیادہ سے زیادہ پوائنٹس حاصل کرنے کی کوشش کی تھی، ہم نے پہلی اننگز میں بڑا سکور کرنے کا پلان بنایا تھا لیکن آئوٹ فیلڈ سست ہونے کے باعث ہمارے بلے باز مایوسی کا شکار ہوئے اور غلط شاٹس کھیل کر آئوٹ ہوئے، ہمیں 300 رنز کرنے چاہیئے تھے جو ہم نہیں کرسکے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ 206 رنز بنانے کے باوجود ہم نے سندھ کے 6 کھلاڑی جلدی آئوٹ کرلیے لیکن فواد عالم کی شاندار سنچری کی بدولت سندھ نے پہلی اننگز میں لیڈ حاصل کرلی۔ اظہر علی کے مطابق دوسری اننگز میں ان کی ٹیم کو یقین تھا کہ اچھی بیٹنگ کی تو ان کی کامیابی کا چانس بڑھ جائے گا لیکن ٹیم پھر دبائو میں آگئی، انہوں نے سندھ پر دبائو بڑھانے کے لیے کامران اکمل کو اوپر کے نمبر پر بھیجا ، جب ان کی ٹیم زیادہ سکور نہیں کرسکی تو انہوں نے 50 اوورز میں سندھ کی ٹیم کو اچھا ٹوٹل دینے کا سوچا تاکہ وہ جیت سکیں لیکن سندھ نے اچھی بیٹنگ کرکے کامیابی حاصل کرلی۔

ایک سوال کے جواب میں اظہرعلی کا کہنا تھا کہ تابش خان کو کریڈٹ جاتا ہے کہ وہ کئی سال سے بہترین پرفارم کررہا ہے، امید ہے کہ انہیں اپنی محنت کا صلہ ملے گا تاہم حتمی فیصلہ سلیکٹرز نے ہی کرنا ہے۔ یہاں یہ واضح رہے کہ تابش خان نے حال ہی میں قائداعظم ٹرافی 21-2020ء کے پہلے دن 38 ویں مرتبہ اننگز میں 5 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ تابش اب تک 129 فرسٹ کلاس میچز میں 573 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں ،انہوں نے 58 لسٹ اے میچز میں 73 اور 43 ٹونٹی ٹونٹی میچز میں 42 شکار بھی کررکھے ہیں ۔
وقت اشاعت : 29/10/2020 - 17:18:50

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :