سلطان انٹرنیشنل نیزہ بازی ٹورنامنٹ کا آغاز ، وفاقی وزیر برائے سیفرون صاحبزادہ محبوب سلطان نے افتتاح کیا

دو روزہ ایونٹ کے انفرادی ایونٹ میں پہلی تینوں پوزیشن سلطانیہ اعوان کلب نے حاصل کیں مقابلوں میں پاکستان سمیت ، انگلینڈ ، ناروے ، امریکہ اور کینیڈا کے نیزہ بازوں کے شرکت

ہفتہ 31 اکتوبر 2020 21:50

سلطان انٹرنیشنل نیزہ بازی ٹورنامنٹ کا آغاز ، وفاقی وزیر برائے سیفرون صاحبزادہ محبوب سلطان نے افتتاح کیا
خوشاب(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 اکتوبر2020ء) سلطان انٹرنیشنل نیزہ بازی ٹورنامنٹ کا ضلع خوشاب میں آغاز ہوگیا ، وفاقی وزیر برائے سیفرون صاحبزادہ محبوب سلطان نے افتتاح کیا اس موقع پر سلطانیہ اعوان کلب کے روح رواں صاحبزادہ سلطان محمد علی ، ایشین ٹینٹ پیگنگ فیڈریشن کے جنرل سیکریٹری عابد ترین اور پاکستان ٹینٹ پیگنگ فیڈریشن کے سیکریٹری عامر منور اور دیگر بھی موجود تھے ، دو روزہ ایونٹ کے پہلے روز نیزہ بازی کے ایونٹ مکمل ہوگئے۔

انفرادی ایونٹ میں سلطانیہ اعوان کلب نے میدان مارلیا ، پہلی تینوں پوزیشنز حاصل کیں ، کلب کے نیزہ باز مہر تصور عباس لک نے پہلی ، مہر ناصر عباس گوانس نے دوسری اور سلطان صفدر عزیز نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ ٹیم ایونٹ میں شعیب الطاف زرگر، غلام شبیر، سلمان زاہد اور غلام مرتضیٰ کی ٹیم کامیاب رہی ، چوہدری علی ریاض بھٹی، چوہدری خدا یار مہدی، نگاہ حسین جونیئر اور چوہدری مناظر علی رانجھا نے دوسری پوزیشن حاصل کی جبکہ سلطان محمد بہادر عزیز، فرحان افضل کانجو ، اکرام النبی اور فضل بھٹی پر مشتمل ٹیم نے تیسرے نمبر پر رہی۔

(جاری ہے)

تلوار سے لیمن کٹنگ کے مقابلے فائنل مرحلے میں داخل ہوگئے نیزہ بازی کے ان مقابلوں میں انگلینڈ ، امریکہ ، کینیڈا اور ناروے کے نیزہ بازوں سمیت 50 سے زائد ٹینٹ پیگرز نے شرکت کی پاکستانی ٹینٹ پیگنگ ٹیم کے 20 بہترین نیزہ باز بھی ان ایکشن رہے دنیا کے دوسرے بہترین نیزہ باز کا اعزاز حاصل کرنے والے سلطان بہادر عزیز نے بھی اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے۔

انٹرنیشنل ٹینٹ پیگنگ فیڈریشن کے جنرل سیکریٹری بھی ایونٹ کو دیکھنے خصوصی طور پر پاکستان تشریف لائے انہوں نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پاکستان میں ٹینٹ پیگنگ بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے جس کی مثال پاکستان کے نیزہ باز صاحبزادہ سلطان بہادر عزیز ہیں جنہیں انٹرنیشنل فیڈریشن نے دنیا کا دوسرا بہترین نیزہ باز کے اعزاز سے نوازا۔ انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل اور ایشین فیڈریشن پاکستان کو عالمی ایونٹ کی میزبانی دینے کیلئے سنجیدگی سے سوچ رہا ہے۔

پاکستان ٹینٹ پیگنگ فیڈریشن کے سیکریٹری عامر منور نے کہا کہ انٹرنیشنل قوانین کے تحت نیزہ بازی کے مقابلوں کا انعقاد پہلے بھی پاکستان میں ہوچکا ہے لیکن موجودہ ایونٹ کی خاص بات غیر ملکی کھلاڑیوں اور ایشین فیڈریشن کے سیکریٹری کا پاکستان آنا ہے اب بہت جلد پاکستان میں سنیئرز کیساتھ جونیئرز کے انٹرنیشنل ایونٹس بھی منعقد ہونگے ، صاحبزادہ سلطان محمد علی نے کہا کہ اگلے مرحلے میں ہم یورپی اور افریقی ممالک کے نیزہ بازوں کو بھی مدعو کرینگے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں انٹرنیشنل مقابلوں کے انعقاد کا سلسلہ اب جاری رہے گا آنے والے وقت میں ہم کوششیں کررہے ہیں کہ انڈر 19 کے عالمی کپ کی میزبانی پاکستان کو مل جائے۔ ایونٹ میں تلوار سے لیمن کٹنگ کے فائنل اور رنگ پاسز کے مقابلے اتوار کو منعقد ہونگے۔
وقت اشاعت : 31/10/2020 - 21:50:21

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :