قائداعظم ٹرافی فرسٹ الیون ٹورنامنٹ کے دوسرے راؤنڈ کا پہلا روزمکمل

بلوچستان کے عمران فرحت اور عمران بٹ کے درمیان 200 رنز کی شراکت، ناردرن اور سنٹرل پنجاب کے درمیان میچ کے پہلے روز 13 وکٹیں گرگئیں

ہفتہ 31 اکتوبر 2020 21:52

قائداعظم ٹرافی فرسٹ الیون ٹورنامنٹ کے دوسرے راؤنڈ کا پہلا روزمکمل
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 اکتوبر2020ء) نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں جاری میچ کے پہلے روز بلوچستان نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 297 رنز بنالیے ہیں۔ سدرن پنجاب نے نو ٹاس قانون کے تحت پہلے بالنگ کرنے کا فیصلہ کیاتو اوپنر سمیع اسلم بغیر کوئی رنز بنائے آٹ ہوئے تو جس کے بعد عمران فرحت اور عمران بٹ نے دوسری وکٹ کے لیے 200 رنز کی شاندار شراکت قائم کی۔

عمران فرحت 100 رنز بناکر ریٹائرڈ ہوگئے۔ عمران بٹ نے 92 رنز بنائے ۔ دونوں کھلاڑیوں کے پویلین واپس لوٹنے پر سدرن پنجاب نے اٹیکنگ بالنگ کا آغاز کردیا اور عبدالرحمان مزمل اور بسم اللہ خان کو کھاتہ کھولے بغیر آٹ ہوگئے۔عماد بٹ 21 اور کاشف بھٹی 19 رنز بناکر آٹ ہوئے تاہم ایک اینڈ سے تیمور علی کی مزاحمت جاری ہے۔ وہ 41 کے انفرادی اسکور سے کھیل کے دوسرے روز کا آغاز کریں گے۔

(جاری ہے)

کپتان یاسر شاہ 4 رنز بناکر کریز پر موجود ہیں۔سدرن پنجاب کے محمد الیاس اور زاہد محمود نے 2،2 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔این بی پی اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں جاری میچ کا پہلا روز بالرز کے نام رہا، جہاں کل 13 وکٹیں گریں۔دن کے اختتام پر ناردرن نے اپنی پہلی اننگز میں سنٹرل پنجاب کے 159 رنز کے جواب میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 116 رنز بنالیے ہیں۔ ناردرن کو پہلی اننگز میں سبقت کے لیے ابھی مزید 44 رنز درکارہیں۔

آصف علی 34 اور عمر امین 26 کے انفرادی اسکور سے میچ کے دوسرے روز کا آغاز کریں گے۔اس سے قبل ناردرن نے ٹاس کیے بغیر پہلے بالنگ کا فیصلہ کیا توناردرن کے کپتان نعمان علی کی عمدہ بالنگ کی بدولت سنٹرل پنجاب کی پوری ٹیم 159 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ اسپنر نعمان علی نے 55 رنز کے عوض 4 جبکہ رضا حسن نے 3 اور وقاص احمد نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ سنٹرل پنجاب کے علی زریاب نے سب سے زیادہ 78 رنز بنائے۔

علی زریاب کے علاوہ سنٹرل پنجاب کے صرف 2 بیٹسمین ہی ڈبل فگر ز میں داخل ہوسکے، جن میں قاسم اکرم نے 25 اور احمد صفی عبدللہ نے 11 رنز بنائے۔یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں جاری میچ کے پہلے روز سندھ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 6 وکٹوں کے نقصان پر 245 رنز بنالیے ہیں۔ سرفراز احمد 68 اور سہیل خان 7 کے انفرادی اسکور سے میچ کے دوسرے روز کا آغاز کریں گے۔

اس سے قبل 100 کے مجموعے پر سندھ کی ابتدائی چار وکٹیں گریں تو فواد عالم نے کپتان سرفراز احمد کے ہمراہ پانچویں وکٹ کے لیے 119 رنز جوڑ کر ٹیم کا مجموعہ 200 کے پار پہنچا دیا۔ 219 کے مجموعی اسکور پر فواد عالم 91 رنز بناکررن آٹ ہوگئے۔ حسن محسن بھی زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکے اور7 رنز بناکر چلتے بنے۔ کے پی کے ساجد خان 2 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔
وقت اشاعت : 31/10/2020 - 21:52:32

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :