محمد عباس، عامر یامین اور میر حمزہ وائرل فیور میں مبتلا

قومی ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد اور سینئر ٹیسٹ بلے باز اسد شفیق صحت یاب، سہیل خان اور انور علی نے سندھ کی ٹیم کو جوائن کرلیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 3 نومبر 2020 13:09

محمد عباس، عامر یامین اور میر حمزہ وائرل فیور میں مبتلا
کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔3 نومبر 2020ء ) قائد اعظم ٹرافی میں شریک پیسرز محمد عباس ، عامر یامین اور میر حمزہ میں وائرل فیور کی تصدیق ہوئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سندھ کے فاسٹ بائولر میر حمزہ میں نزلہ اور بخار کی علامات ظاہر ہونے پر انہیں آرام کی غرض سے گھر بھیج دیا گیا ہے ۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے اعلی حکام نے بھی تصدیق کی ہے کہ سدرن پنجاب کے فاسٹ بائولر محمد عباس اور آل راؤنڈر عامر یامین طبیعت ناساز ہونے کے باعث بلوچستان کے خلاف قائداعظم ٹرافی کے دوسرے رائونڈ کے شروع ہونے والے میچ میں اپنی ٹیم کی نمائندگی نہیں کررہے جب کہ دوسری جانب فاسٹ بائولر سہیل خان اور آل رائونڈر انور علی نے سندھ کی ٹیم کو جوائن کرلیا ہے۔

قومی ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد اور سینئر ٹیسٹ بلے باز اسد شفیق بھی صحت یاب ہوگئے ہیں۔

(جاری ہے)

دوسری جانب قائداعظم ٹرافی فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ کے دوسرے رائونڈ میچ میں کھلاڑی اور سپورٹ سٹاف کے لیے مقررہ ضابطہ اخلاق کے لیول 1 کی خلاف ورزی کرنے پر خیبرپختونخوا کے کامران غلام پر میچ فیس کا40 فیصد جرمانہ عائد کردیا گیا ۔ کامران غلام پر سندھ کے خلاف میچ کے دوران امپائر کے فیصلے پر ناراضگی کا اظہار کرنے پر جرمانہ عائد کیا گیا۔

یہ واقعہ خیبرپختونخوا کی پہلی اننگز کے 57ویں اوور کی تیسری گیند پر پیش آیا جب کامران غلام نے سہیل خان کی گیند پر امپائر کی جانب سے وکٹوں کے پیچھے کیچ آٹ دئیے جانے کے فیصلے پر ناراضگی کا اظہار کیا۔ آن فیلڈ امپائرز قیصر وحید اورثاقب خان نے کامران غلام کو پی سی بی کوڈ آف کنڈکٹ کی شق 2.8 کی خلاف ورزی کرنے پر چارج کیا۔ کامران غلام کی جانب سے اعتراف جرم کرنے پر میچ ریفری ندیم ارشد نے کامران غلام پر جرمانہ عائد کردیا۔
وقت اشاعت : 03/11/2020 - 13:09:34

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :