پی ایس ایل 5 کے بقیہ میچز سے قبل لاہور قلندرز کو زبردست دھچکا

سب سے تگڑا غیر ملکی کھلاڑی کرس لین پلے آف میچز میں شرکت نہیں کرے گا، جارح مزاج آسٹریلوی بلے باز نے لاہور کی ٹیم کو پہلی مرتبہ پلے آف مرحلے تک رسائی حاصل کروانے میں اہم کردار ادا کیا تھا

muhammad ali محمد علی منگل 3 نومبر 2020 23:33

پی ایس ایل 5 کے بقیہ میچز سے قبل لاہور قلندرز کو زبردست دھچکا
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 نومبر2020ء) پی ایس ایل 5 کے بقیہ میچز سے قبل لاہور قلندرز کو زبردست دھچکا، سب سے تگڑا غیر ملکی کھلاڑی کرس لین پلے آف میچز میں شرکت نہیں کرے گا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ 5 کے بقیہ میچز کا انعقاد رواں ماہ کے وسط میں ہوگا۔ ابتدائی طور پر پی سی بی نے پی ایس ایل 5 پلے آف میچز لاہور میں کروانے کا اعلان کیا تھا، تاہم سموگ کی وجہ سے میچز لاہور سے کراچی منتقل کر دیے گئے۔

پی ایس ایل 5 کا پلے آف مرحلہ کرونا وائرس پھیلاو کی وجہ سے مارچ کے ماہ میں ملتوی کر دیا گیا تھا، اب رواں ماہ کے وسط میں لاہور قلندرز، کراچی کنگز، پشاور زلمی اور ملتان سلطانز کی ٹیمیں آپس میں ٹکرائیں گی۔ تاہم پلے آف میچز سے قبل لاہور قلندرز کی ٹیم کو زبردست دھچکا پہنچا ہے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ آسٹریلیا کے جارح مزاج بلے باز کرس لین نے لاہور قلندرز کو پہلی مرتبہ پلے آف مرحلے میں پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا تھا، تاہم وہ پلے آف مرحلے کیلئے دستیاب نہیں ہوں گے۔

ان کی جگہ بنگلہ دیش کے تمیم اقبال لاہور قلندرز کا حصہ بن گئے ہیں۔ دوسری جانب بتایا گیا ہے کہ ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن کے بقیہ چار میچز میں کل 21 غیرملکی کھلاڑی شرکت کریں گے۔ ان میں جنوبی افریقہ کے 7، انگلینڈ کے 6، ویسٹ انڈیز کے 4، بنگلہ دیش کے 2 جبکہ آسٹریلیا اور نیوز ی لینڈ کے ایک ایک کھلاڑی شامل ہیں۔ ان اکیس کھلاڑیوں میں جنوبی افریقہ کے فاف ڈوپلیسی کا نام سب سے نمایاں ہے، جو پہلی مرتبہ ایچ بی ایل پی ایس ایل میں شرکت کریں گے۔

ایونٹ کے پلے آف میچز 14، 15 اور 17 نومبر کو کراچی میں کھیلے جائیں گے۔ ان کے علاوہ جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والے کیمرون ڈیلپورٹ (کراچی کنگز) ، ڈین ویلاز ، ڈیوڈ ویزے (لاہور قلندرز) ، رائیلی روسو،عمران طاہر (ملتان سلطانز) اور ہارڈس ولیجوئن (پشاور زلمی) بھی لیگ کے بقیہ میچوں میں ایکشن میں نظر آئیں گے۔ایلکس ہیلز (کراچی کنگز) اورجیمز ونس (ملتان سلطان) سمیت انگلینڈ کے چھ کرکٹرز نے بھی لیگ کے بقیہ میچوں میں شرکت کے لیے آمادگی ظاہر کردی ہے۔

دیگر انگلش کرکٹرز میں سمت پٹیل (لاہور قلندرز)، ایڈم لیتھ، روی بوپارہ(ملتان سلطانز)اور لیام لیونگ اسٹون (پشاور زلمی) شامل ہیں۔ویسٹ انڈیز کیچیڈوک والٹن اور روتھرفورڈان میچز میں کراچی کنگز جبکہ کارلوس بریتھ ویٹ اور ڈیرن سیمی پشاور زلمی کی نمائندگی کریں گے۔ روتھر فورڈ کو کرس جارڈن کی جگہ اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے جبکہ بنگلہ دیش کے تمیم اقبال(لاہور قلندرز)اور محمود اللہ (ملتان سلطانز) جبکہ آسٹریلیا کے بین ڈنک (لاہور قلندرز) اور نیوزی لینڈ کے مچل میکلینگھن (کراچی کنگز) بھی ان بقیہ میچوں میں شرکت کریں گے۔
وقت اشاعت : 03/11/2020 - 23:33:38

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :